استنبول میں عالمی دفاعی مصنوعات کی نمائش آئی ڈی ای ایف 2025 کا شاندار آغاز ۔
استنبول، ترکیے(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی،،، سید رضوان حیدر بخاری)ترک دفاعی صنعت کی عالمی سطح پر دھاک، پاکستانی جے ایف17 اور آپریشن بنیان المرصوص میں دشمن کا غرور خاک میں ملانے والے فتح 1 کی دھوم۔۔۔*
ترکیہ کے شہر استنبول میں بین الاقوامی دفاعی صنعت کی نمائش آئی ڈی ای ایف 2025 کا باوقار آغاز ہو گیا ہے۔ ہر دو سال بعد منعقد ہونے والی اس نمائش کو دنیا کے اہم ترین دفاعی ایونٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی نمائش میں دنیا بھر کے 99 سے زائد ممالک کی بری، بحری اور فضائی افواج کے وفود، وزرائے دفاع، ماہرین اور دفاعی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب میں صدر ترکیہ، رجب طیب ایردوان نے مہمانوں اور وفود کو خوش آمدید کہا اور خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
“ترکیہ نہ صرف اپنا دفاع خود کرنے کے قابل ہو چکا ہے بلکہ دنیا بھر میں اپنی دفاعی مصنوعات کا لوہا منوا رہا ہے۔ آئی ڈی ای ایف اس ترقی کی واضح جھلک ہے۔”
صدر ایردوان نے ترک ساختہ جدید ترین ڈرونز، میزائل سسٹمز، بکتر بند گاڑیوں اور الیکٹرانک وارفیئر ٹیکنالوجیز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے دفاعی میدان میں خود انحصاری کی راہ اختیار کی ہے، اور آج یہ تمام تر کامیابیاں ہماری قومی خودداری کا ثبوت ہیں۔
پاکستان کی جانب سے چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل ساحر شمشاد مرزا نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
پاکستانی وفد کی شرکت
دفاعی نمائش آئی ڈی ای ایف 2025 میں پاکستان کی دفاعی صنعت کے نمائندہ ادارے پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (پی اے سی)، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی)، اور بھارت کے خلاف حالیہ آپریشن “بنیان المرصوص” میں دشمن کے غرور کو خاک میں ملانے والا “فتح-1” میزائل بنانے والی کمپنی “گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سولیوشنز (جی آئی ڈی ایس)” نے بھی اپنے اسٹالز لگائے ہیں ۔ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں، جن میں باہمی دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ
ترکیہ کی معروف کمپنیوں جیسے Aselsan, Roketsan, Baykar, اور ٹی اے آئی نے اپنی جدید مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔ خصوصاً Bayraktar Kizilelma جنگی ڈرون اور Altay مین بیٹل ٹینک نے بین الاقوامی مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
عوام کے لیے بھی مخصوص دن مقرر
دفاعی نمائش آئی ڈی ای ایف میں 26 اور 27 جولائی کو عام عوام کو بھی داخلے کی اجازت دی گئی، جس میں نوجوانوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔۔
دفاعی نمائش آئی ڈی ایف اے 2025 نہ صرف ترکیہ کی دفاعی طاقت کا مظہر ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر ترکیہ کی صنعتی خودکفالت کا پیغام بھی دے رہا ہے۔ یہ ایونٹ ترکیہ کو دنیا بھر میں ایک ذمہ دار اور جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے حامل ملک کے طور پر نمایاں کر رہا ہے۔