استنبول کے نجی سکول میں سجا انٹرنیشنل مینا بازار۔۔۔
استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ نامہ نگار خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری) استنبول میں سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات اختتام پذیر ہونے کو ہیں اور سکولوں میں نئے سال کا آغاز ہونے والا ہے، اس موقع پر مختلف سکولوں میں مختلف طرح کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے استنبول کے علاقے بیلکدوزو BEY LIK DUZU میں واقع نیو وژن انٹرنیشنل سکول میں ایک بین الاقوامی مینا بازار کا انعقاد کیا گیا جس میں استنبول میں مقیم عرب ممالک، ایران، پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور دیگر بہت سے ممالک کے لوگوں نے سٹالز لگائے، جن میں اپنے اپنے ملکوں کی دستکاریاں، ثقافتی مصنوعات اور کھانے پینے کی سوغات رکھی گئیں ۔۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے اس بین الاقوامی مینا بازار میں شرکت کی اور مختلف ممالک کے کھانے اور دستکاریوں سے خوب محظوظ ہوئے۔۔
پاکستانی سٹالز میں بریانی، چنا چاٹ، گلاب جامن، برفی، سموسے اور بہت سے خوش ذائقہ پکوان شامل تھے ۔۔ اسکے علاوہ ہاتھ سے بنی چیزوں، پاکستانی بیوٹی پروڈکٹس اور مہندی کے سٹالز بھی شامل تھے۔۔۔ مینا بازار میں میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ترکش، فارسی اور عربی زبانوں میں نغمے پیش کیے گئے جن سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے اور بچوں اور بڑوں سبھی نے مختلف زبانوں کے گانوں پر خوب رقص کیا ۔۔۔ نیو وژن انٹرنیشنل سکول کے اکیڈمک ڈائریکٹر اختر جعفری صاحب جو کہ ایک پاکستانی ہیں، نے روشنی نیوز انٹرنیشنل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں اس قسم کے ایونٹس سے مختلف ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے اور ایک دوسرے کی ثقافت کو جاننے کا موقع ملتا ہے جس سے ہم آہنگی اور محبت بڑھتی ہے ۔۔۔
مینا بازار میں آنے والے مختلف ممالک کے لوگوں نے بھی سکول کی اس کاوش کو بہت سراہا۔۔۔۔