Daily Roshni News

*استنبول ہائر ایجوکیشن کے حوالے سے دنیا کی تیسری سب سے بڑی کانفرنس یوری Eurie  2026 کا انعقاد،  پاکستان اور پاکستان کی نجی جامعات مرکز نگاہ۔۔۔*

*استنبول ہائر ایجوکیشن کے حوالے سے دنیا کی تیسری سب سے بڑی کانفرنس یوری Eurie  2026 کا انعقاد،  پاکستان اور پاکستان کی نجی جامعات مرکز نگاہ۔۔۔*

استنبول،  ترکیے(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ  خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)ترکیے کے شہر استنبول کے لطفی کیردار کنونشن سنٹر میں ہائر ایجوکیشن کے حوالے سے دنیا کی تیسری سب سے بڑی سالانہ یوری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔  اس کانفرنس میں پاکستان میں نجی جامعات کی تنظیم APSUP  کی زیر سرپرستی ایک اعلی سطحی وفد نے شرکت کی، 42 رکنی اس وفد کی قیادت چیئرمین APSUP اور سپیریئر یونیورسٹی ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے کی۔ اس وفد میں پاکستان کی 17 نجی جامعات کے مالکان اور عہدیداران شامل ہوئے ۔

دنیا کے قریبا 70 ممالک کی جامعات کے وفود نے اس کانفرنس میں حصہ لیا اور سب سے بڑا وفد پاکستان کا تھا۔ کانفرنس میں شریک ممالک کی مختلف جامعات کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے اور جیسے سب سے بڑا وفد پاکستان کا تھا، اسی طرح سب سے سے بڑا پویلین بھی پاکستان کا ہی تھااور شریک ممالک کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

کانفرنس کا آغاز ایک پروقار افتتاحی تقریب سے ہوا جس کے مہمان خصوصی گورنر استنبول اور صدر ہائر ایجوکیشن ترکیے تھے،  دیگر کئی اہم شخصیات نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم نے کی۔

افتتاحی تقریب میں شریک دنیا کی مختلف جامعات کے عہدیداران نے تقاریر کیں اور کانفرنس اور تعلیم و تدریس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پاکستان کی جانب سے سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے تقریر کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بہت ہی خوبصورت انداز میں پاکستان اور پاکستانی جامعات کو پیش کیا اور اپنی تقریر کے آخر پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں جن میں پاکستان کی سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمان بھی شامل تھیں۔

بعد ازاں قونصل جنرل صاحب  نے پاکستان پویلین کا افتتاح بھی کیا۔ اس کانفرنس میں لوگوں کا خوب رش دیکھنے میں آیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر کی جامعات اور پاکستانی جامعات کے درمیان ریسرچ اور طلباء کے حوالے سے بہت سے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

 صدر ہائر ایجوکیشن کمیشن ترکیے نے پاکستانی وفد کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات بھی کی جس میں پاکستانی وفد کے شرکاء کی جانب سے پاکستان اور ترکیے کی جامعات کے درمیان بہتر ہم آہنگی، طلباء کے ایکسچینج پروگرامز اور دیگر معاملات پر تجاویز زیربحث لائی گئیں۔ اس تفصیلی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی جس میں ترکش اور پاکستانی میڈیا بڑی تعداد میں موجود تھا۔

یوری کانفرنس 2026 تین روز تک  جاری رہی جس میں پاکستان اور پاکستانی وفد مرکز نگاہ رہا۔۔۔

Loading