استنبول: یورپ کی سب سے بڑی اہلِ بیت مسجد ‘زینبیہ ‘ میں عشرۂ محرم الحرام کا باوقار آغاز
استنبول، ترکیے(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)محرم الحرام 1447 ہجری کے چاند کے نظر آتے ہی دنیا بھر کی طرح استنبول میں بھی غم و سوگ کا موسم شروع ہوگیا ہے۔ استنبول کے قدیم علاقے ہلکالے میں واقع یورپ کی سب سے بڑی شیعہ مسجد، مسجد و امام بارگاہ زینبیہ میں عشرۂ محرم کی مجالس کا سلسلہ باقاعدہ طور پر شروع ہوچکا ہے، جس میں ہزاروں عزادارانِ امام حسینؑ، اہلِ بیتؑ کے چاہنے والے اور محبانِ کربلا شریک ہو رہے ہیں۔
زینبیہ مسجد کی فضا مکمل طور پر سیاہ پرچموں اور بینرز سے مزین ہے، ہر سمت سے “یا حسینؑ” کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ بزرگ، نوجوان، بچے، خواتین سبھی عقیدت و احترام سے شرکت کر رہے ہیں، جن میں ترکیے، ایران، آذربائیجان، عراق اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے عزاداروں کے ساتھ ساتھ ایک بڑی تعداد میں پاکستانی شیعہ کمیونٹی کے افراد بھی شامل ہیں ۔
مسجد و امام بارگاہ زینبیہ میں مختلف زبانوں میں مجالس کا احتمام کیا جاتا ہے، جس میں ترکش، آذری، فارسی، عربی اور اردو شامل ہیں، اور ان سبھی زبانوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے اپنے انداز میں پرسہ و نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
پاکستانی شیعہ کمیونٹی کا کردار اس سلسلے میں نہایت فعال اور قابلِ تحسین ہے۔ مجالس کے انتظامات، لنگرِ حسینی، مترجم خدمات، اور نوجوانوں کی تنظیمی شمولیت میں پاکستانی عزاداروں نے ہمیشہ کی طرح اس سال بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ اردو زبان میں بھی مجالس اور نوحہ خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، تاکہ برصغیر سے آئے زائرین آسانی سے اس روحانی سفر میں شریک ہو سکیں۔
القائم فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام یہ مجالس ہر شب منعقد ہو رہی ہیں جن میں معروف علماء و ذاکرین امام حسینؑ کی قربانی، کربلا کے پیغام اور ظلم کے خلاف قیام کے موضوعات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
زینبیہ مسجد میں ہونے والے ان پروگرامز کو دنیا بھر میں آن لائن نشر بھی کیا جا رہا ہے۔
خواتین کے لیے علیحدہ انتظامات، نوجوانوں کی رضاکار ٹیمیں، اور زائرین کی خدمت کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ مقامی ترک عزاداروں کے ساتھ ساتھ، پاکستانی، لبنانی، افغانی، ایرانی اور آذربائیجانی کمیونٹیز کی شرکت نے اس عشرہ کو ایک بین الاقوامی وحدت کا مظہر بنا دیا ہے۔
یہ عشرہ عاشورہ کی رات تک جاری رہے گا، جہاں دس محرم کو امام حسینؑ، ان کے اہلِ خانہ اور وفادار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں یومِ عاشورہ کی مرکزی مجلس اور جلوس کا انعقاد کیا جائے گا۔
استنبول میں محرم کا آغاز ایک بار پھر یہ پیغام دے رہا ہے کہ
“حسینؑ سب کے ہیں، اور کربلا ہر دور کے مظلوم کی آواز ہے”۔