اسرائیلی فوج کے غزہ کے النصر اسپتال پر دو حملے کیے جس کے نتیجے میں صحافیوں سمیت 19 افراد شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز النصر اسپتال کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں ڈیوٹی پر موجود 4 صحافیوں سمیت 19 افراد کی شہادت ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والے صحافیوں میں غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کا کیمرامین حسام المصری، امریکی خبرایجنسی ایسوسی ایٹڈپریس اور برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کی نامہ نگار مریم ابودقہ، امریکی ٹی وی این بی سی نیٹ ورک کا صحافی ابوطحٰہ اور الجریزہ کے فوٹو جرنلسٹ محمدسلامہ شامل ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج اور وزیراعظم آفس نے النصر اسپتال پرحملے سے متعلق فوری ردعمل سےگریز کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 4 مزید صحافیوں کی شہادت کے بعد غزہ میں اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں جان کی بازی ہارنے والے صحافیوں کی تعداد اب 244 ہوگئی ہے۔