-
ایران کے ایٹمی اور میزائل منصوبے کو ختم کردیا، اسرائیلی وزیراعظم
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی وجود کے لیے موجود دو خطروں جن میں ایرانی ایٹمی اور میزائل پروگرام شامل تھے انہیں ختم کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایران کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی جو نسلوں تک یاد رہے گی، ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اسراِئیل کو آج تک وائٹ ہاوس میں ٹرمپ سے بہتر کوئی دوست نہیں ملا ہے۔
نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ ہم حماس کو شکست دیں گے اور غزہ سے اپنے یرغمالیوں کو زندہ یا مردہ واپس لائیں گے۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 02:00 PM
ایران یورینیئم افزودگی دوبارہ شروع کریگا تو اس پر پھر حملہ کریں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
ویب ڈیسک
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایران یورینیئم افزودگی کا پروگرام دوبارہ شروع کرے تو اس پر دوبارہ حملہ کریں گے۔
دی ہیگ میں جاری نیٹو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ جنگ بندی کی تھوڑی بہت خلاف ورزی ہوئی تھی تاہم اب اسرائیل ایران سیزفائر پر اچھے سے عمل ہورہا ہے اور جنگ بندی کے بعد میرے کہنے پراسرائیلی طیارے واپس آگئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جو سب کےلیے اہم ہیں، ایران میں فردو جوہری سائٹ تباہ کردی اور فردو جوہری سائٹ پراب تباہی کے سوا کچھ نہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو کسی صورت یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اب ایران طویل عرصے تک ایٹمی مواد نہیں بناسکے گا اور ایران کے لیےاب جوہری ہتھیاربنانا بہت مشکل ہے۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 01:56 PM
امریکی حملےکے بعد اب ایران ایٹمی ہتھیار بنانے سے بہت دور ہے: امریکی وزیرخارجہ
ویب ڈیسک
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ امریکی حملےکے بعد اب ایران ایٹمی ہتھیار بنانے سےبہت دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اقدام سے ایران کے جوہری پروگرام کوکافی حد تک بلکہ زیادہ نقصان پہنچا ہے،ایران کےجوہری پروگرام کوپہنچنے والےنقصان سے متعلق مزید تفصیلات لےرہے ہیں۔
مارکو روبیو کے مطابق ایف بی آئی کے ساتھ مل کرانٹیلی جنس لیک کی تحقیقات کررہےہیں۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 01:55 PM
400 کلوگرام افزودہ یورینیئم محفوظ رہا: ایرانی عہدیدار نے تصدیق کردی
ویب ڈیسک
ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسن نوریان نے بھی تصدیق کی ہےکہ امریکی حملوں میں ایران کے پاس موجود 400کلوگرام افزودہ یورینیئم کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسن نوریان نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل پر ایران کی فتح کے کئی ٹھوس ثبوت ہیں۔
حسن نوریان کا کہنا تھا کہ دشمن ممالک ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے میں ناکام رہے، ایران کا ایٹمی پروگرام بند کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے لہٰذا ایران کے پاس موجود 400 کلوگرام افزودہ یورینیئم کو نقصان نہیں پہنچایا جاسکا۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 01:51 PM
ایرانی جوہری تنصیبات تباہ نہ ہونیکی رپورٹس پر ٹرمپ سی این این، اے بی سی اور این بی سی پر برس پڑے
ویب ڈیسک
امریکی حملوں میں ایرانی جوہری تنصیبات تباہ نہ ہونے کی رپورٹس دینے پر صدر ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ابتدائی امریکی انٹیلی جنس جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے بنیادی مواد تباہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ ابتدائی جائزہ رپورٹ امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (DIA) نے تیار کی ہے، یہ رپورٹ امریکی حملوں کے بعد سینٹرل کمان کی طرف سے کیے گئے جنگی نقصان کے تخمینے پر مبنی ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد امریکی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو فیک نیور قرار دیتے ہوئے میڈیا اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں جن مقامات پر ہم نے حملہ کیا، وہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور سب کو اس کا علم ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ صرف جعلی خبریں ہی کچھ اور دعویٰ کرتی ہیں تاکہ ہماری کارکردگی کو کمزور ظاہر کر سکیں۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 01:44 PM
امریکا اور ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہو جائیگا لیکن مستقبل میں ایران کویورینیئم افزودہ کرنے نہیں دیں گے: امریکی مندوب
ویب ڈیسک
امریکی مندوب برائےمشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جامع امن معاہدہ ہو جائےگا لیکن مستقبل میں ایران کویورینیئم افزودہ کرنےنہیں دیں گے۔
اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کا مقصد ایران کو یورینئیم کی افزودگی سےروکنا تھا۔مستقبل میں کسی بھی معاہدےکے تحت ایران کو یورینیئم افزودگی کاحق نہیں ملےگا۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 08:15 AM
اسرائیل ایران جنگ بندی: صدر ٹرمپ باضابطہ طور پر نوبیل امن انعام کیلئے نامزد
ویب ڈیسک
فوٹو:فائل امریکی صدر ٹرمپ کو باضابطہ طور پر نوبیل امن انعام 2026کے لیے نامزد کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق جارجیا سے ریپبلکن رکن کانگریس بڈی کارٹر نے صدر ٹرمپ کی نامزدگی کے لیے نوبیل کمیٹی کو خط لکھا ہے۔
صدر ٹرمپ کو اسرائیل، ایران جنگ بندی میں کردار ادا کرنے کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا گیا۔
خط میں بڈی کارٹر نے لکھا کہ دنیا میں دہشت گردی کے سب سے بڑے ریاستی معاون کو مہلک ترین ہتھیاروں کے حصول سے روکنے اور اسرائیل اور ایران کے درمیان مسلح تنازع کے خاتمے میں ٹرمپ کے غیرمعمولی اور تاریخی کردار کے اعتراف میں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کیا جانا چاہیے۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 03:13 AM
ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے: اسرائیلی وزیر اعظم
ویب ڈیسک
فوٹو: فائل تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی، جو نسلوں تک یاد رہے گی۔
نیتن یاہو نے اپنے خطاب میں کہا کہ وجود کیلئے دو خطروں، ایٹمی اور میزائل منصوبے کو ختم کر دیا، ایران نے ایٹمی منصوبے کی دوبارہ کوشش کی تو ناکام بنائیں گے۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسراِئیل کو آج تک وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے بہتر کوئی دوست نہیں ملا۔
اس کے علاوہ نیتن یاہو نے کہا کہ ہم حماس کو شکست دیں گے اور غزہ سے زندہ اور مردہ یرغمالیوں کو واپس لائیں گے۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 02:56 AM
امریکی حملوں میں ایران کی جوہری تنصیبات تباہ نہیں ہوئیں: امریکی میڈیا
ویب ڈیسک
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ابتدائی امریکی انٹیلی جنس اندازے کے مطابق ایران پر امریکی حملوں میں جوہری تنصیبات تباہ نہیں ہوئیں، امریکی حملوں سے ایرانی جوہری پروگرام صرف مہینوں کے لیے پیچھے ہوگیا ہے۔
ہفتے کو امریکا نے ایران اسرائیل جنگ میں کودتے ہوئے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر بم باری کی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی طیاروں نے فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا۔
ساتھ ہی امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کی جوہری تنصیبات ختم کرنے کا دعویٰ کیا۔
تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ابتدائی امریکی انٹیلی جنس جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے بنیادی مواد تباہ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق یہ ابتدائی جائزہ رپورٹ امریکی محکمہ دفاع کی انٹیلی جنس ایجنسی (DIA) نے تیار کی ہے جس میں امریکی حملوں کے بعد جنگی نقصان کا ابتدائی تجزیہ کیا گیا۔
-
Wednesday Jun 25 2025 | 02:45 AM
ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتا، ایرانی اچھے اور کاروباری لوگ ہیں: ٹرمپ
ویب ڈیسک
فوٹو:فائل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی اچھے اور کاروباری لوگ ہیں ، ایران کے پاس تیل کی دولت ہے ، ایرانی خود کو دوبارہ سنبھال سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں حکومت کی تبدیلی نہیں چاہتا ، حکومت کی تبدیلی انتشار لاتی ہے ، چاہتا ہوں معاملات جلد از جلد پُرسکون ہوجائیں۔
واضح رہے کہ منگل کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔