Daily Roshni News

اقسام مرشدین

اقسام مرشدین

اے طالبِ روحانیت۔۔!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )یہ بات بھی تمہیں معلوم ہونی چاہیے کہ مرشدین کی بنیادی طور پر سات قسمیں مانی جاتی ہیں

1.مرشد مسلوب

2.مرشد محجوب

3.مرشد منصوب

4مرشد محبوب

5مرشد مجذوب

6.مرشد مکروب

7.مرشد مربوب

1.مرشد مسلوب۔۔۔۔

مرشد مسلوب وہ ہوتا ہے

 جس سے جملہ توفیقاتِ خیر سلب ہو چکی ہوتی ہیں ،

اور وہ طالبِ دنیا ہوتا ہے اس کا ہر کام ہر عمل دنیا کے لیے ہوتا ہے۔۔

وہ دنیا کا کتا ہوتا ہے ، اس کا کام اس مردار کو نوچنا ہوتا ہے اور وہ اپنا حلقہ ارادت بڑھانے میں مصروف ہوتا ہے ،

 اور زیادہ سے زیادہ مرید بنا کر اس دنیا میں نام ، دولت ، شہرت لذت نفس کمانا چاہتا ہے۔۔

وہ ایک ڈھونگی ہوتا ہے ، تعویذ ، گنڈا ، دم درود دھاگہ پڑھ کر پھونکتا ہے اور دولت کماتا ہے

 اور ستار العيوب اس پر پردہ دیتا جاتا ہے اور اس کی سرکشی و طغیانی و بغاوت اور بڑھتی جاتی ہے

2.مرشد محجوب۔۔۔

مرشد محجوب وہ ہوتا ہے

جو عالم قال ہوتا ہے ، روحانیت کی باتیں یاد کر رکھی ہوتی ہیں

گفتگو کا بادشاہ ہوتا ہے لیکن حقیقتاً وہ اپنے مالک سے بھی محجوب ہوتا ہے

 اور اپنی ذات سے بھی محجوب ہوتا ہے

 لذت وصل سے خود بھی محروم ہوتا ہے اور اپنے مرید کو بھی محروم رکھتا ہے ۔۔

یہ شریعت تک محدود ہوتا ہے،

مغز عرفان ، معرفت و حقیقت سے بالکل نابلد ہوتا ہے

3.مرشد منصوب۔۔۔

مرشد منصوب وہ ہوتا ہے جو خود مرشد نہیں ہوتا ،

 بلکہ کسی ولی اللہ کی مسند پر بیٹھا دیا جاتا ہے

جبکہ وہ اس کا اہل ہوتا ہی نہیں۔۔۔

 اور وہ اپنے مورث اعلٰی کی کہانیاں سنا سنا کر پیر مغاں بنا ہوا ہوتا ہے

جبکہ اس ولی اللہ کے منصب اور عرفان کو قطعی طور پر جانتا ہی نہیں ہے۔۔۔

اور آج بہت سے سجادگان اسی زمرے میں آتے ہیں اور خانقاہی نظام انہی کے دم قدم سے جاری ہے۔۔

اور ان میں سے اکثر اب حلقہ ارادت اور مریدین کی کثرت پر سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں۔۔

اور ما شاء اللہ کافی کامیاب جا رہے ہیں

 اور سیاست میں آنے سے ان کے مریدین میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔۔

 مریدین ہندی بھی اس وجہ سے ان کی بیعت ہوتے ہیں

کہ ان سے دنیاوی کام کاج کروائیں گے۔۔

 پولیس تھانہ کے کام نکلوائیں گے۔۔

نہ پیر کی نگاہ میں آخرت ہوتی ہے نہ مرید کی نگاہ میں۔

 بلکہ یہ جیسی روح ویسے فرشتے والی ضرب المثل کی طرح کا معاملہ ہوتا ہے

4.مرشد محبوب۔۔

مرشد محبوب وہ ہوتا ہے جس کے پاس شریعت بھی ہوتی ہے اور باقی اقالیم سے بھی آشنا ہوتا ہے اور اپنے مریدین کو ہدایت کرتا ہے اس کی دنیا وعقبی کی بھلائی کرتا ہے

جامہ شریعت کے اندر قائم رکھ کر عرفان کے منازل طے کرواتا ہے.

5.مرشدِ مجذوب۔۔۔

مرشد مجذوب وہ ہوتا ہے جو مشاہدات انوار کی کسی بڑی تجلی کی وجہ سے اپنے عقل و شعور کو جذب کروا بیٹھتا ہے

 ان کا سیلانی مقام تجلی سے واپس تو آ جاتا ہے مگر شعور ہوش و عقل کو وہیں چھوڑ آتا ہے

یہ صاحب کشف و کرامات بھی ہوتے ہیں۔

اور ان میں مزید ترقی نہیں ہوتی بلکہ وہ ایک کمال کے ادراک کے بعد وہیں کے ہو رہتے ہیں

اور یہ مجذوب مست جامہ شریعت کے پابند نہیں ہوتے ان میں بعض لباس شریعت تک اتار کر برہنہ پھرتے ہیں،

ان سے مرید کو فیض نہیں پہنچتا اور یہ مرید کو منازل طے نہیں کروا سکتے۔

 وہ باتیں کرتے ہیں تو مبہم الفاظ میں کرتے ہیں اشارات رموز و کنایات سے ان کا نظام چلتا ہے

6.مرشد مکروب۔۔

مرشد مکروب وہ ہوتے ہیں جنہیں اپنا مرشد کریم کرب میں ڈالتا ہے اور انھیں لذت کرب سے آشنا فرماتا ہے

انہیں بقائمی ہوش و حواس رہتے ہوئے مجذوب کی طرح زندگی گذارنے کا حکم فرماتا ہے

 اور ان پر ایک درد غم طاری کر دیا جاتا ہے جس میں وہ جذب ہو جاتے ہیں ،

نہ اچھا کھاتے ہیں نہ پہنتے ہیں نہ اچھا گھر بناتے ہیں  ، اکثر مجرد ہوتے ہیں ۔۔

پہلے پہل گلیاں گلیاں گھومتے ہیں ، کبھی دیوانگی کا مظاہرہ کرتے ہیں

اور ان کی پہچان گریہ ہے یعنی ان کی آنکھیں اکثر ڈبڈبائی نظر آتی ہیں۔۔

قیام عزا و ذکر عزا گریہ و بکا ان کا اوڑھنا بچھونا ہوتا ہے،

 مستجاب الدعوات ہوتے ہیں اکثر دعا و بدعا دونوں میں عامل ہوتے ہیں ۔۔

ان میں بعض صاحب جلال ہوتے ہیں اور بعض صاحب جمال.

  1. مرشدِ مربوب۔۔۔

مرشدِ مربوب مرشدین کی ایک ایسی قسم ہے جو نایاب ونادر ہے،

یہ مرشد کامل و اکمل  مکمل و جامع جامعیت ارشاد ومدار ہوتا ہے۔۔

 صاحب جمال ہوتا ہے نہ دعا دیتا ہے نہ بد دعا نہ کشف و کرامات پہ مائل ،

 نہ اظہارِ ذات پر راغب ۔۔

 کُلی طور پر مالک پر منحصر ،

 مرید کو ایک توجہ میں واصل فرمانے والا ،

سب کچھ دے کر نہ بتانے والا ہوتا ہے۔۔

 کتابوں میں مرشد کامل کے جتنے فضائل موجود ہیں وہ سب اسی مرشد مربوب کے ہوتے ہیں۔۔۔

 کیونکہ ان کا درجہ سب سے بلند ہوتا ہے

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ مربوبیت میں ربوبیت کا ادراک رکھتے ہیں..!!!!

Loading