Daily Roshni News

اللہ رب العزت ہر انسان کو موقع دیتا ہے

اللہ رب العزت ہر انسان کو موقع دیتا ہے

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )کسی گاؤں میں ایک نہایت عبادت گزار شخص رہتا تھا۔ وہ لوگوں کو دین و دنیا کے مسائل سمجھاتا، نیکی کی تلقین کرتا اور برائی سے بچنے کی ہدایت دیا کرتا تھا۔ گاؤں والوں کے لیے وہ اللہ کا ایسا بندہ تھا جو کسی نعمت سے کم نہ تھا، اور ہر مسئلے میں لوگ اسی سے رہنمائی لیا کرتے تھے۔

پھر ایک دن…اس گاؤں کو ایک ایسے طوفان نے آ گھیرا جس کی شدت گاؤں والوں نے پہلے کبھی نہ دیکھی تھی۔ موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں نے پورے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گاؤں اس قدر ڈوب چکا تھا کہ وہاں سے نکلنے کی صرف ایک ہی سبیل باقی رہ گئی تھی: کشتیاں۔

لوگ کشتیوں پر سوار ہو کر محفوظ علاقوں کی طرف نکلنے لگے۔ کچھ لوگ اپنی کشتیوں پر سوار ہو کر اس عبادت گزار بزرگ کے گھر کے قریب سے گزرے تو اسے آواز دی:

“ہمارے ساتھ کشتی میں آ جاؤ۔”

بزرگ نے جواب دیا:

“تم لوگ جاؤ، میرا اللہ میری مدد کرے گا اور مجھے بچا لے گا۔”

ان کے جانے کے بعد کچھ اور لوگ وہاں سے گزرے۔ انہوں نے بھی بزرگ کو مدد کی پیشکش کی، مگر اس کا جواب وہی تھا:

“تم لوگ جاؤ، میرا اللہ میری مدد کرے گا اور مجھے بچا لے گا۔”

اس کے بعد ایک اور خاندان اس کے گھر کے قریب سے گزرا۔ انہوں نے بھی پوری کوشش کی کہ بزرگ کو اپنے ساتھ لے جائیں، مگر اس نے ایک بار پھر وہی جواب دیا:

“تم لوگ جاؤ، میرا اللہ میری مدد کرے گا اور مجھے بچا لے گا۔”

جب طوفان تھم گیا اور سیلابی پانی خشک ہونے لگا، تو گاؤں کے لوگ واپس اپنے گھروں کو لوٹنے لگے۔ وہاں انہوں نے اس بزرگ کو مردہ پایا۔ اس کی لاش اس کے ہی مکان میں پڑی تھی۔

یہ منظر گاؤں والوں کے لیے صدمے کا باعث بھی تھا اور حیرت کا سبب بھی۔ لوگ کہنے لگے:

“آخر اللہ تعالیٰ نے اس کی مدد کیوں نہ کی؟”

ابھی لوگ اسی بحث میں الجھے ایک دوسرے پر الزام دھر رہے تھے یا تقدیر کو کوس رہے تھے کہ ایک نیک نوجوان وہاں سے گزرا۔ اس نے سب کو خاموش کراتے ہوئے کہا:

“کون کہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس آدمی کی طرف مدد نہیں بھیجی؟ اللہ تعالیٰ نے تین خاندانوں کو یکے بعد دیگرے اس کی مدد کے لیے بھیجا، مگر اس نے وہ مدد قبول کرنے سے انکار کر دیا اور یوں طوفان میں ہلاک ہو گیا۔”

اس قصے میں یہ حکمت بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ اللہ تعالیٰ مافوق الفطرت یا وہم و گمان سے ہٹ کر کسی کی مدد نہیں کرتا، بلکہ انسان کے لیے اسباب پیدا فرماتے ہیں، تاکہ بندہ انہی اسباب کے ذریعے کوشش کرے اور اپنا راستہ خود بنائے۔

ہماری زندگی میں بھی کئی بار ایسا ہوتا ہے۔

میرے استاد فرمایا کرتے تھے کہ خدا ایک انسان کو زندگی میں بار بار دنیا و آخرت سنوارنے کے مواقع فراہم کرتا ہے مگر انسان ان سے فائدہ نہیں اٹھا پاتا۔ غلطی اپنی ہوتی ہے اور پھر قسمت کو کوسنے لگ جاتا ہے کہ میری تو قسمت ہی خراب ہے۔

اللہ رب العزت ہر انسان کو موقع دیتا ہے بشرطیکہ وہ اس موقع کو پہچان سکے اور خود کو بہتر بنا لے۔

Loading