Daily Roshni News

امریکا کا اگلا ہدف ایران کے پُل اور بجلی گھر ہوں گے: صدر ٹرمپ کی دھمکی

امریکا کا اگلا ہدف ایران کے پُل اور بجلی گھر ہوں گے: صدر ٹرمپ کی دھمکی

انٹرنیشنل (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا اگلا ہدف وہاں موجود پُل اور بجلی گھر ہوں گے۔

امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کردہ بیان میں لکھا کہ ہماری فوج نے ابھی تک ایران میں باقی ماندہ چیزوں کو تباہ کرنا شروع بھی نہیں کیا۔ اگلا ہدف پل ہوں گے اور پھر بجلی گھر۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی نئی قیادت جانتی ہے کہ کیا کرنا ہے اور یہ کام فوراً کرنا ہوگا۔

صدر ٹرمپ نے بدھ کو اپنے خطاب میں کہا تھا کہ اگر ایران واشنگٹن کی شرائط تسلیم نہیں کرتا تو جنگ میں شدت آ سکتی ہے اور اس کے توانائی اور تیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں ایران پر زبردست حملے کیے جائیں گے اور ملک کو پتھر کے دور میں واپس بھیج دیا جائے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی قانونی ماہرین نے جمعرات کو ایک خط پر دستخط کیے، جس میں کہا گیا تھا کہ ایران پر امریکی حملے ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔

سن 1949 کے جنیوا کنونشنز میں جنگ کے دوران شہری ضروریات کے حامل مقامات پر حملے کی ممانعت کی گئی ہے۔ کنونشنز اور اضافی پروٹوکولز میں واضح کیا گیا ہے کہ فوجی تنازع میں شامل فریقین کو شہری اشیاء اور عسکری مقاصد میں فرق کرنا ضروری ہے اور شہری مقامات پر حملے ممنوع ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں ایران میں اپنے مقاصد کے قریب پہنچنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم جنگ ختم کرنے کے لیے کوئی واضح ٹائم لائن نہیں دی گئی۔

Loading