Daily Roshni News

امریکی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک سینیٹر رہنے والی خاتون رکن انتقال کر گئیں

امریکی سیاسی تاریخ میں سب سے زیادہ عرصے تک سینیٹر رہنے والی خاتون رکن سینیٹر ڈایان فائن سٹین 90 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین دہائیوں تک سینیٹر رہنے والی ڈایان فائن سٹین گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھیں، ڈیموکریٹک سینیٹر کا انتقال واشنگٹن میں ان کے گھر پر ہی ہوا۔

سینیٹر ڈایان فائن سٹین نے تین دہائیوں تک امریکی سینیٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ڈایان فائن سٹین نے سینیٹر منتخب ہونے سے قبل میئر سان فرانسسکو کے طور پر بھی خدمات نجام دیں۔

ڈایان فائن سٹین نے پہلی مرتبہ 1992 کے سینیٹ الیکشن میں حصہ لیا اور ان کا شمار کیلی فورنیا کی اہم سیاسی شخصیات میں ہوتا تھا، انہیں کیلی فورنیا میں ڈیموکریٹس کا چہرہ تصور کیا جاتا تھا اور ان کا اثر و رسوخ کیپیٹل ہل میں بھی محسوس کیا جاتا تھا۔

ڈایان فائن سٹین کے انتقال کے بعد کیلی فورنیا کے ڈیموکریٹ گورنر گیون نیوسم کو اختیار مل گیا ہے کہ وہ ڈایان فائن سٹین کی جگہ کسی پارٹی رکن کو منتخب کریں تاکہ 2025 تک چیمبر میں ڈیموکریٹس کی سبقت برقرار رہے۔

گورنر کیلی فورنیا گیون نیوسم میڈیا میں اعلان کر چکے ہیں کہ اگر ڈایان فائن سٹین اپنی نشست چھوڑتی ہیں تو ان کی جگہ کسی سیاہ فام خاتون کو منتخب کیا جائے گا۔

Loading