Daily Roshni News

امریکی حکام رواں ہفتے دوحا میں طالبان نمائندوں کے وفد سے ملاقات کریں گے

امریکی حکام رواں ہفتے قطر کے دارالحکومت  دوحا میں طالبان نمائندوں کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی حکام  کی رواں ہفتے دوحا میں طالبان نمائندوں کے وفد سے ملاقات ہوگی جس میں معیشت، سکیورٹی اور خواتین کے حقوق پر بات چیت ہوگی۔

ملاقات میں افغانستان کے لیے انسانی امداد، سلامتی کے مسائل، افغان معیشت کے استحکام اور منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ روکنے کے معاملات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ اور افغان خواتین، لڑکیوں اور انسانی حقوق کی ایلچی رینا امیری طالبان کے وفد سے ملاقات کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق تھامس ویسٹ اور رینا امیری 26 سے 31 جولائی تک قازقستان اور قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان اگست 2021 میں امریکی انخلا مکمل ہونے کے بعد دوبارہ اقتدار میں آئے ہیں۔

Loading