امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کو پاک بھارت جنگ بندی سے سبق سیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرےخیال میں روس اور یوکرین امن معاہدہ کرلیں گے، پیوٹن کےساتھ ملاقات میں اگلی ملاقات بھی طےکروں گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ دوسری ملاقات میں میرےساتھ صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی ہوں گے، دوسری ملاقات میں کچھ یورپی رہنما بھی ہوسکتے ہیں،ملاقات اچھی ہوئی تو مستقبل میں امن کی ضامن بنے گی۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امن بہت اہم ہوتا ہے، پاکستان اور بھارت کی طرف دیکھیں، دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں 6 یا 7 طیارے گرے، دونوں ملک جوہری تنازع کی طرف جانے کے لیے تیار تھے، اس لڑائی میں لاکھوں لوگوں کی جانیں جا سکتی تھیں، ہم نے بہت اچھے طریقے سے یہ تنازع حل کرایا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر کے درمیان اہم ملاقات آج ہوگی۔
ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات الاسکا میں ہوگی اور یہ ملاقات 2021 کے بعد کسی موجودہ امریکی اور روسی صدر کے درمیان پہلی براہ راست ملاقات ہوگی۔
روسی صدارتی محل کریملن کا کہنا ہے کہ دونوں صدور پیچیدہ ترین مسائل پر بات کریں گے،ملاقات پر قبل از وقت کچھ اخذ کرنا بڑی غلطی ہوگی۔
ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے، امریکا کی وارننگ
امریکا نے بھارت کو خبردار کردیا کہ اگر صدر ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نےکہا ہےکہ امریکا نے جو اضافی 25 فیصد ٹیرف بھارت پر لگائے ہیں وہ مزید بڑھائے جاسکتے ہیں۔
وزیرخزانہ نے بتایا کہ امریکا بھارت پر 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی لگا چکا ہے جبکہ روس سے پٹرولیم مصنوعات خریدنے کی پاداش میں اضافی 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق اگلے کچھ دنوں میں ہوگا اور اس طرح بھارت کو امریکا کی جانب سے 50 فیصد ٹیرف کا سامنا ہوگا