Daily Roshni News

انگلینڈ انڈیا ٹیسٹ میچ تنازع، بین اسٹوکس نے خاموشی توڑ دی

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے اختتام پر پیش آئے ’ہینڈ شیک تنازع‘ پر خاموشی توڑ دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب  بین اسٹوکس نے میچ کے آخری دن کھیل کو ڈرا کرنے کی پیشکش کی،  اُس وقت بھارتی کھلاڑی رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اپنی سنچریوں کے قریب تھے۔

اسی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں نے یہ پیشکش مسترد کرتے ہوئے کھیل جاری رکھا۔

بعد ازاں ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں کہا گیا کہ اسٹوکس نے میچ کے اختتام پر سب سے مصافحہ کیا لیکن جڈیجا سے نہیں کیا اور جڈیجا کی باری آتے ہی انہوں نے منہ موڑ لیا۔

ویڈیو کے اختتام پر اسٹوکس اور جڈیجا کے درمیان کچھ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

صارفین نے سوشل میڈیا پر خیالات کا اظہار کیا کہ اسٹوکس نے غصے میں ایسا قدم اٹھایا کیونکہ بھارتی کرکٹرز جڈیجا اور سندر نے میچ ختم کرنے سے انکار کیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اسٹوکس نے کہا کہ جڈیجا اور سندر نے شاندار اننگز کھیلی،  ہماری ٹیم نے میچ کو جیتنے کی آخری حد تک پہنچایا لیکن جب اندازہ ہوا کہ نتیجہ ممکن نہیں تو میں نے اپنے مرکزی بولرز کو مزید تھکانے کا خطرہ مول نہیں لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنچری سے 10 رنز کم ہوں یا زیادہ، اصل بات یہ ہے کہ آپ نے اپنی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا، یہی اصل کامیابی ہے۔

بین اسٹوکس نے آخری اوورز میں  ہیری بروک کو گیند تھمائی جو فُل ٹائم بولر نہیں ہیں جس پر سوشل میڈیا پر خاصی تنقید بھی ہوئی۔

انہوں نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور اگلے میچ کی تیاری ان کے پیش نظر تھی۔

دوسری جانب بھارتی کوچ گوتم گمبھیر نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جڈیجا اور سندر اپنی سنچریوں کے مکمل طور پر مستحق تھے، خواہ میچ ڈرا ہی کیوں نہ ہو رہا ہو۔

Loading