Daily Roshni News

اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی موجودگی میں عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا چیک اپ کیا گیا

اڈیالہ جیل میں بشریٰ بی بی کی موجودگی میں عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا چیک اپ کیا گیا

پاکستان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )اڈیالہ  جیل میں  بشریٰ بی بی کی موجودگی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی متاثرہ آنکھ کا چیک اپ کیا گیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے تشکیل دیےگئے پانچ رکنی ڈاکٹرز کے میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ معائنہ کیا۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں، دو گھنٹے طویل چیک اپ کے بعد ڈاکٹرز کی ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

اڈیالہ جیل حکام کے مطابق پانچ ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی آنکھوں کا مکمل طبی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کے ساتھ طبی عملہ بھی موجود تھا اور جدید آلات سے لیس ایک سرکاری ایمبولینس بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

میڈیکل ٹیم میں ماہرین امراض چشم پروفیسر ندیم قریشی، ڈاکٹر عارف خان، پروفیسر الطاف حسین، پروفیسر اختر علی بندیشہ اور ڈاکٹر علی عارف شامل تھے۔

ماہر ڈاکٹرز  نے بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ کا فالو اپ چیک کیا۔ اسے قبل دو مرتبہ پمز اسپتال میں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا ٹریٹمنٹ ہوا ہے، ماہرین کے مطابق اب ان کو تیسرا انجیکشن بھی لگنا ہے، لہٰذا تیسرا انجیکشن لگانے سے قبل ڈاکٹرز انکی آنکھ میں پیش رفت کا جائزہ لینا چاہتے تھے۔

میڈیکل ٹیم چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے عدالتی حکم پر تشکیل دی گئی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر حال ہی میں کمشنر اسلام آباد کو حکم دیا تھا کہ وہ میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ کی ٹریٹمنٹ کا بندوبست کرے۔

 اب دیکھنا یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی متاثرہ آنکھ میں کس حد تک بہتری آئی ہے، میڈیکل بورڈ اس حوالے سے اپنی رپورٹ چیف کمشنر اسلام آباد کو پیش کرےگا۔

دوسری  جانب  وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی سے ان کے بچوں کی فون پر بات عیدکے روز کرادی جائےگی ۔

عطا تارڑ کا کہنا ہےکہ نائیکوپ کارڈز  پر پاکستان آنےکے لیے کسی ویزے کی ضرورت نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کے بچوں کو پاکستان میں قیام کے دوران یہاں کےقوانین پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔

Loading