Daily Roshni News

ایتھنز میں درسِ قرآن و انقلاب سیمینار، بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت مظہر 

ایتھنز میں درسِ قرآن و انقلاب سیمینار، بین المذاہب ہم آہنگی کا خوبصورت مظہر

یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔انصر اقبال بسراء  ) ایتھنز کے علاقے کمینیا میں واقع امام بارگاہ “یا صاحب الزمان” میں بین المذاہب ہم آہنگی، قرآنی شعور اور فکری یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے “درسِ قرآن و انقلاب سیمینار” کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان بھر سے مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مذہبی و سماجی رہنماؤں، صحافیوں، کمیونٹی نمائندگان اور مؤمنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معروف اہلسنت عالمِ دین *علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی* نے “عظمتِ قرآن” کے عنوان پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا:

*”قرآن صرف ایک کتاب نہیں بلکہ ایک زندہ معجزہ ہے جو انسان کو ہر دور میں سیدھی راہ دکھاتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس کے پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔”*

برطانیہ سے تشریف لائے ممتاز شیعہ عالم دین *آغا سید محمد سبطین کاظمی* نے “قرآن کی حقانیت اور بین المذاہب وحدت” پر زور دیتے ہوئے کہا:

*”قرآن فرقہ واریت نہیں بلکہ وحدت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ہمیں اختلافات سے بلند ہو کر ایک امت بننے کی کوشش کرنی چاہیے۔”

یہ روحانی و فکری اجتماع اتحاد، برداشت، قرآنی شعور اور مکالمے کے فروغ کے لیے ایک خوبصورت قدم ثابت ہوا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں نوجوان نسل کو قرآن سے جڑنے، دین کی اصل روح کو سمجھنے اور بین المسالک ہم آہنگی کو اپنانے کی ترغیب دی۔

تقریب کے اختتام پر امام بارگاہ “یا صاحب الزمان” کے *صدر ڈاکٹر طاہر علی کاظمی* نے تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس پیغام کو یونان بھر میں پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید برآں، تقریب میں *امام بارگاہ کی نئی انتظامیہ اور اراکین نے باقاعدہ حلف اٹھایا* اور اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، خدمت اور اتحاد کے جذبے سے ادا کرنے کا وعدہ کیا۔

Loading