ایتھنز میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے فرینڈز آف کشمیر یونان کا احتجاجی مظاہرہ
یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔انصراقبال بسراء)فرینڈز آف کشمیر یونان کے زیراہتمام یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے مرکزی امونیا اسکوئر پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منظم اور پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرے کے شرکاء نے بھارتی ظلم و بربریت، انسانی حقوق کی پامالی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری غیر انسانی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرے میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا گیا اور عالمی برادری، اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو اُن کا جائز حق دلانے میں کردار ادا کریں۔
اس موقع پر صدر فرینڈز آف کشمیر یونان چوہدری موسیٰ خان نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم تنہا نہیں، دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی اور کشمیری ہمیشہ اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور آزادی کی یہ جدوجہد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہو گی۔
مظاہرے کا اختتام دعاؤں اور اتحاد کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔ فرینڈز آف کشمیر کی یہ کاوش یونان میں مقیم پاکستانی و کشمیری برادری کی جانب سے کشمیریوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ثابت ہوئی۔