ایتھنز میں 1500ویں جشنِ ولادتِ مصطفیٰ ﷺ کے موقع پر عظیم الشان جلوس کا انعقاد
یونان: (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ انصر اقبال بسراء )یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں میلاد مصطفیٰ کونسل کے زیراہتمام 1500ویں جشنِ ولادتِ رسول ﷺ کے سلسلے میں ایک پُروقار جلوس کا اہتمام کیا گیا۔ اس روحانی جلوس میں یونان بھر سے عاشقانِ رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلوس کا آغاز ایتھنز کے مرکزی علاقے پلاتیا کوجیا سے ہوا، جو مختلف راستوں سے گزرتا ہوا پلاتیا کموڈرو پر اختتام پذیر ہوا۔
شرکاء نے سبز جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نبی کریم ﷺ سے محبت کے نعرے درج تھے۔ درود و سلام کی صداؤں اور نعتیہ کلام کی گونج نے پورے ماحول کو روحانیت سے بھر دیا۔ جلوس میں مرد، خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ سبھی شامل تھے، جنہوں نے عشقِ رسول ﷺ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
منتظمین کے مطابق یہ جلوس صرف اظہارِ عقیدت نہیں بلکہ امت کو سیرتِ نبوی ﷺ پر عمل کی دعوت دینے کا عملی پیغام بھی ہے۔ جلوس کے اختتام پر شرکاء میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور نبی کریم ﷺ کی سیرت پر روشنی ڈالی گئی۔
یہ جلوس یونان میں مقیم مسلم کمیونٹی کے اتحاد اور نبی کریم ﷺ سے والہانہ محبت کا عکاس تھا، جو ہر سال کی طرح اس بار بھی جوش و خروش سے منایا گیا۔