Daily Roshni News

ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ، اسرائیلی میڈیا کا بڑی تباہی کا اعتراف، متعدد زخمی

  • خامنہ ای کو قتل کی دھمکیاں دینا نہایت احمقانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے: حزب اللہ

    ویب ڈیسک

    حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ خامنہ ای کو قتل کی دھمکیاں دینا نہایت احمقانہ اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے جس کے نتائج تباہ کن ہوں گے، خامنہ ای کے قتل کی دھمکی کی سخت مذمت کرتے ہیں، ہم خامنہ ای کےگرد پہلے سے کہیں زیادہ پُرعزم اور متحد ہیں۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 01:17 PM

    اسرائیل فوری طور پر کشیدگی میں کمی کرے: چین

    ویب ڈیسک

    ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ فریقین خصوصی طور پر اسرائیل فوری طور پر کشیدگی میں کمی کرے، اسرائیل خطے کے عوام کے مفادات کو اولین ترجیح دے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی مخالفت کرتے ہیں، ممالک کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے والےہر اقدام کی مخالفت کرتے ہیں۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 12:23 PM

    ایرانی ظالموں کو اسپتال پرحملےکی بھاری قیمت چکانا پڑےگی: نیتن یاہو کی دھمکی

    ویب ڈیسک
    فائل فوٹو۔ 

    تل ابیب: ایران کے تازہ میزائل حملوں سے ہونے والی تباہی کے بعد اسرائیلی وزیراعٖظم نیتن یاہو نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی میزائلوں نے سروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ ایرانی ظالموں کو اسپتال پرحملےکی بھاری قیمت چکانا پڑےگی۔

    دوسری جانب اسرائیلی وزیردفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ آج کے حملے کا خامنہ ای سے بدلہ لیں گے، خامنہ ای بنکر میں بیٹھ کر عوام پر حملے کروارہے ہیں، ہم آیت اللہ خامنہ ای کی حکومت کو تہس نہس کر دیں گے۔

    اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ تہران میں موجود خطرے کو ختم کرنے کے لیے حملوں میں شدت کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ ایران نے آج صبح ایک دفعہ پھر اسرائیلی شہروں پر بیلسٹک میزائل داغے جس سے اب تک 65 اسرائیلیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جب کہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 11:47 AM

    ایران کی طرف سے اسرائیل پر داغا گیا نیا میزائل ’سجیل 2‘ کتنا خطرناک ہے؟

    ویب ڈیسک
    فائل فوٹو۔ 

    ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملے کے لیے 2000 کلومیٹر اور اس سے آگے تک مار کرنے والے ’سجیل ٹو ‘ میزائل کا استعمال کیا ہے۔

    عسکری نامہ نگار ڈورون کدوش نے ایک اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جس ایرانی سجیل میزائل نے اسرائیلی علاقے ڈین بلاک کو نشانہ بنایا تھا وہ اپنے وزن اور پے لوڈ یعنی اس میں موجود دھماکا خیز مواد کی مقدار کے لحاظ سے غیر معمولی نوعیت کا تھا اور یہ معمول سے بڑا میزائل تھا۔

    یہ میزائل کیسے کام کرتا ہے؟

    2 مرحلوں پر مشتمل سجیل ٹو میزائل ایک ٹھوس ایندھن سے چلنے والا میزائل ہے، اس لیے اس میں ایندھن بھرنے کے لیے بہت وقت درکار ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ سجیل 2 میزائل کو لانچ کرنے کے لیے تیاری کا وقت کم ہو جاتا ہے۔

    یہ میزائل جو ٹھوس ایندھن کے انجن پر مبنی ہے، دوسرے ایرانی میزائلوں کے مقابلے میں لانچ کرنے میں زیادہ درست اور تیز سمجھا جاتا ہے اور اس میں 500 سے 650 کلوگرام وزنی وار ہیڈ ہے۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 10:01 AM

    حالیہ جنگ میں ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ

    ویب ڈیسک

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جمعرات کی صبح اسرائیل پر متعدد بیلسٹک میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں اب تک 65 لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

    خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے سنےگئے ہیں۔

    اسرائیلی ریسکیو حکام کا بتانا ہے کہ تل ابیب میں گش دان اور صحرائے نقب سمیت کم از کم 4 علاقوں میں 6 میزائل گرنے کی اطلاع ملی ہے اور صحرائے نقب میں عمارت پر براہ راست میزائل ٹکرایا ہے۔

    اسرائیلی ریسکیو حکام کے مطابق یر السبع میں ساروکا اسپتال پر میزائل ٹکرایا ہے جس سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملہ حالیہ حملوں سے زیادہ بڑا تھا اور ابھی نقصانات کی تفصیلات سامنے آرہی ہیں۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے جنوبی اسرائیل میں اسپتال کو نشانہ بنا یا ہے اور ایرانی میزائل حملےکے بعد تل ابیب اور ہولون سمیت متعدد مقامات پر شدید نقصان اطلاعات ہیں۔

    دوسری جانب ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح ہونے والے ایرانی میزائل حملوں میں اسرائیلی فوجی کمانڈ اور انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر، انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنایا ہے جبکہ ساروکا اسپتال کو فوجی مراکز کے واقع قریب ہونے کی وجہ سے جزوی نقصان ہوا۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 09:50 AM

    اسرائیل کا ایران کے خندب جوہری تنصیب کے قریب علاقے پر حملہ

    ویب ڈیسک

    ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے  مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے خندب جوہری تنصیب کے قریب علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔

    رپورت کے مطابق خندب جوہری تنصیب اسرائیلی حملےسےقبل خالی کرالی گئی تھی اور جوہری تنصیب سے تابکاری کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 06:52 AM

    ٹرمپ نے ایران پر حملے کی منظوری دیدی، حتمی حکم نہیں دیا: رپورٹ

    ویب ڈیسک
    فوٹو: فائل

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری دے دی لیکن حتمی حکم جاری نہیں کیا۔

    امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ نے منگل کی رات سینئر مشیروں کو بتایا کہ انہوں نے ایران پر حملے کے منصوبے کی منظوری دی لیکن فی الحال حتمی حکم نہیں دیا تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا ایران اپنا جوہری پروگرام ترک کرتا ہے یا نہیں۔

    یہ رپورٹ بدھ کو وال اسٹریٹ جرنل نے3 باخبر ذرائع کے حوالے سے شائع کی۔

    رپورٹ کے مطابق ایران کی اہم جوہری تنصیب فردو امریکی حملے کا ممکنہ ہدف ہے، جو ایک پہاڑ کے اندر واقع ہے اور عسکری ماہرین کے مطابق صرف انتہائی طاقتور بم سے ہی نشانہ بنائی جا سکتی ہے۔

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 04:29 AM

    ایران کا ملک بھر میں انٹرنیٹ پر عارضی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

    ویب ڈیسک

    ایران نے ملک بھر میں انٹرنیٹ پر عارضی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت مواصلات کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے اسرائیل کے خلاف جنگ اور ایرانی عوام کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں انٹرنیٹ پر عارضی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    اس سے قبل گزشتہ روز ایران نے میٹا کی زیر ملکیت دنیا کے سب سے بڑے میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ پر صارفین کا ڈیٹا اسرائیل کے ساتھ شیئر کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اپنے شہریوں کو واٹس ایپ ڈیلیٹ کرنے کا کہا تھا۔

    ایران کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایرانی صارفین کا ڈیٹا اسرائیل کے ساتھ شیئر کر رہا ہے۔

    تاہم ایرانی حکومت نے اس حوالے سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کی

     

  • Thursday Jun 19 2025 | 02:54 AM

    جوہری ہتھیاروں پر یقین نہیں رکھتے، امریکا جنگ میں شامل ہوا تو بھرپور جواب دیں گے: ایران

    ویب ڈیسک
    اگر امریکا اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شامل ہوتا ہے تو ہمارے پاس بھی جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا: ایرانی نائب وزیر خارجہ —فوٹو: فائل

    ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی کا کہنا ہے کہ ہم جوہری ہتھیاروں پر یقین نہیں رکھتے، اگر امریکا اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شامل ہوا تو ہمارے پاس جوابی کارروائی کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔

    امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر امریکا اسرائیل کے ساتھ جنگ میں شامل ہوتا ہے تو ہمارے پاس بھی جواب دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا، جہاں بھی ہمیں ضروری ہدف نظر آئے، ہم کارروائی کریں گے۔ یہ بات بالکل واضح اور سیدھی ہے، کیونکہ ہم اپنے دفاع میں کارروائی کریں گے۔

    ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم جوہری ہتھیاروں پر یقین نہیں رکھتے، جوہری ہتھیاروں کا ہماری دفاعی پالیسی میں کوئی مقام نہیں، بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ دنیا جوہری ہتھیاروں کے بغیر زیادہ بہتر جگہ ہوگی۔

Loading