Daily Roshni News

ایلون مسک کا بچوں کیلئے اے آئی چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان

ایلون مسک نے بچوں کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ایکس اے آئی، اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ایکس (ٹوئٹر) جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک نے بچوں کے لیے اے آئی چیٹ بوٹ کو بے بی گروک کا نام دیا۔

ان کے مطابق اس اے آئی چیٹ بوٹ میں بچوں کے لیے محفوظ اور تعلیمی رابطوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا کہ یہ ایپ گروک کا ایک سادہ ورژن ہوگی جس میں کم عمر صارفین کے محفوظ تجربے کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایلون مسک نے بے بی گروک کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں جس سے معلوم ہوسکے کہ یہ کس طرح اوریجنل گروک اے آئی چیٹ بوٹ سے مختلف چیٹ بوٹ ہوگا۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے 2023 میں گروک کو متعارف کرایا تھا جس کا مقصد دیگر اے آئی ماڈلز جیسے چیٹ جی پی ٹی، گوگل جیمنائی اور دیگر سے مقابلہ کرنا تھا۔

بعد ازاں اسے ایکس کا حصہ بنا دیا گیا اور ایلون مسک کی جانب سے گروک کو بہتر بنانے کے لیے کافی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

جولائی 2025 کے شروع میں گروک 4 ماڈل کو متعارف کرایا گیا تھا۔

اس موقع پر ایلون مسک نے دعویٰ کیا تھا کہ گروک 4 ہر موضوع میں دیگر اے آئی ماڈلز سے بہت زیادہ بہتر ہے۔

Loading