ایچ وی اے سی HVAC سسٹم بارے تفصیلی معلومات!
فیسیلٹی مینیجمینٹ سروسز بارے لکھی پوسٹ میں HVAC سسٹم کا مختصراً ذکر کیا تھا۔
اس HVAC سسٹم کو عموماً سنٹرلائیزڈ ائیر کنڈیشنر سسٹم بھی کہا اور سمجھا جاتا ھے۔ مگر HVAC اور سنٹرلائیزڈ ائیر کنڈیشنر سسٹم ایک ہی چیز نہیں ،
بلکہ۔۔۔۔۔ آپس میں گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ آپ سنٹرلائزڈ ایئر کنڈیشنر کو HVAC سسٹم کا ایک حصہ یا جزوی فنکشن کہہ سکتے ہیں۔
اب ۔۔۔ چلتے ہیں HVAC سسٹم کی تفصیلات پر۔
✓ ایچ وی اے سی (HVAC) سسٹم کیا ھے
(What is HVAC System)
ایچ وی اے سی(HVAC) کا مطلب ھے Heating (حرارت)، Ventilation (ہوا کی آمدورفت)، اور Air Conditioning (ایئر کنڈیشنگ)۔
یہ ایک ایسا نظام ہے جو کسی بھی عمارت، گھر، یا انڈور جگہ کے درجہ حرارت (Temperature)، نمی (Humidity)، اور ہوا کے معیار (Air Quality) کو کنٹرول کرنے کا کام کرتا ہے تاکہ اندرونی ماحول آرام دہ اور صحت مند رھے۔
✓ ایچ وی اے سی(HVAC) سسٹم کے کام کرنے کا طریقہ کار
(How HVAC System Works)
ایچ وی اے سی (HVAC) سسٹم بنیادی طور پر تھرمو ڈائنامکس (Thermodynamics)، فلوئیڈ مکینکس (Fluid Mechanics)، اور ہیٹ ٹرانسفر (Heat Transfer) کے اصولوں پر کام کرتا ہے۔ سارا عمل ایک بند سائیکل (Refrigeration Cycle) میں انجام پاتا ھے جس کے ذریعے حرارت کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا جاتا ھے۔
یہ نظام دو بنیادی مراحل میں کام کرتا ھے
1. کولنگ سائیکل ( Cooling Cycle )
کولنگ سائیکل کو ریفریجریشن سائیکل بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس میں کمپریسر ریفریجرینٹ (Refrigerant) گیس کو کمپریس کرتا ھے جس سے اس کا درجہ حرارت اور دباؤ بڑھ جاتا ھے۔
گرم گیس کنڈینسر میں جاتی ھے جہاں وہ اپنی حرارت بیرونی ہوا میں خارج کر دیتی ھے اور ٹھنڈی ہو کر مائع (Liquid) میں تبدیل ہو جاتی ھے۔
مائع ریفریجرینٹ ایکسپینشن والو سے گزرتا ھے جہاں اس کا دباؤ اور درجہ حرارت اچانک گر جاتا ھے۔
یہ ٹھنڈا مائع پھر ایواپوریٹر کوائل میں جاتا ھے جہاں یہ انڈور ہوا سے حرارت جذب کرتا ھے اور دوبارہ گیس میں بدل جاتا ہے۔ اسی حرارت کے جذب ہونے سے کمرے کی ہوا ٹھنڈی ہو جاتی ھے۔
یہ کم پریشر والی گیس واپس کمپریسر میں چلی جاتی ہے، اور سائیکل اسی طرح جاری رہتا ھے۔
2. ہیٹنگ سائیکل (Heating Cycle)
اگر اس نظام میں ہیٹ پمپ ہو تو یہ کولنگ سائیکل کو الٹ کر دیتا ھے تاکہ ایواپوریٹر (جو اب کنڈینسر بن جاتا ہے) کمرے کے اندر گرمی خارج کرے اور کنڈینسر (جو اب ایواپوریٹر بن جاتا ہے) بیرونی ہوا سے حرارت جذب کرے۔
اور ۔۔۔۔اگر یہ نظام بھٹی (Furnace) پر مبنی ہو تو وہ گیس، تیل یا بجلی استعمال کر کے ہوا کو گرم کرتا ھے اور پھر اسے ڈکٹس کے ذریعے بلڈنگ کے اندرونی مقامات تک پہنچاتا ھے۔
✓ ایچ وی اے سی(HVAC) سسٹم کے اہم اجزاء اور ان کا فنکشن
(HVAC system Main Components and Functions)
ایچ وی اے سی (HVAC) سسٹم کئی اہم اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے جو مل کر کام کرتے ہیں۔
۔مرکزی اجزاء میں مندرجہ ذیل شامل ہیں
1. کمپریسر (Compressor)
یہ ایک طرح سے سسٹم کا دل ھے۔ یہ ریفریجرینٹ گیس کو کمپریس کرتا ھے جس سے اس کا دباؤ (Pressure) اور درجہ حرارت بڑھ جاتا ھے۔ یہ ریفریجرینٹ کو سسٹم میں گردش کے قابل بناتا ھے۔
2. کنڈینسر کوائل (Condenser Coil)
یہ یونٹ عمارت سے جذب شدہ حرارت کو بیرونی ہوا میں خارج کرتا ھے۔ کمپریس شدہ گرم گیس یہاں اپنی حرارت چھوڑ کر مائع میں تبدیل ہوتی ھے۔
3. ایواپوریٹر کوائل (Evaporator Coil) یہ یونٹ اندرونی ہوا سے حرارت جذب کرتا ہے۔ اس کے اندر ٹھنڈا مائع ریفریجرینٹ گرم ہوا سے حرارت لے کر گیس میں بدل جاتی ھے جس سے کمرے کی ہوا ٹھنڈی ہو جاتی ھے۔
4. ایکسپینشن والو/میٹرنگ ڈیوائس (Expansion Valve/Metering Device)
یہ کنڈینسر سے آنے والے زیادہ دباؤ والے مائع ریفریجرینٹ کے دباؤ کو کم کرتا ھے جس سے اس کا درجہ حرارت تیزی سے گر جاتا ہے اور وہ ایواپوریٹر میں داخل ہونے کے لیے تیار ہو جاتا ھے۔
5. ڈکٹس اور وینٹس (Ducts & Vents) ڈکٹس ہوا کو HVAC یونٹ سے عمارت کے مختلف کمروں تک پہنچانے اور واپس لانے کا راستہ فراہم کرتے ہیں جبکہ وینٹس (vents) کمروں میں ہوا کے داخلے اور اخراج کو کنٹرول کرتے ہیں۔
6. ایئر فلٹر (Air Filter)
یہ ہوا سے گرد و غبار، پولن اور دیگر فضائی آلودگیوں کو ہٹا کر انڈور ہوا کے معیار کو بہتر بناتا ہے اور سسٹم کے اجزاء (کوائلز) کو صاف رکھتا ہے۔
7. تھرموسٹیٹ (Thermostat)
یہ ایک طرح سے سسٹم کا دماغ ھے۔ یہ انڈور درجہ حرارت کو مانیٹر کرتا ہے اور جب درجہ حرارت سیٹ پوائنٹ سے زیادہ ہو جاتا ہے تو کمپریسر اور بلوور کو آن یا آف کرنے کے لیے سگنل بھیجتا ہے۔
8. بلوور موٹر اور فین (Blower Motor & Fan)
یہ یونٹ ہوا کو ڈکٹس کے ذریعے پورے نظام میں دھکیلنے (Push/ Blow) اور اسے کوائلز پر سے گزارنے کا کام کرتا ھے۔
✓ ایچ وی اے سی(HVAC) سسٹم کی ممکنہ خرابیاں/مسائل اور ان کا حل
عام طور پر HVAC سسٹمز میں جو خرابیاں پیش آتی ہیں وہ اسکے اجزاء کی ناکامی (failure)، دیکھ بھال کی کمی، یا کنٹرول سسٹم کے مسائل کی وجہ سے ہوتی ہیں۔
کچھ ممکنہ خرابیاں اور انکے حل درج ذیل ہیں۔
1. سسٹم کولنگ نہیں کر رہا (No Cooling)
وجوہات:
① ریفریجرینٹ کی کمی (Low Refrigerant)
لیکیج کی وجہ سے۔
②کمپریسر کی ناکامی
بجلی یا مکینیکل مسئلہ۔
③ کنڈینسر کوائل گندا
حرارت خارج کرنے میں دشواری۔
ممکنہ حل:
① لیکیج تلاش کر کے مرمت کریں اور ریفریجرینٹ چارج کریں۔
② کمپریسر کے الیکٹریکل کنکشن چیک کریں اور اگر خراب ہو تو تبدیل کریں۔
③ کوائل کو صاف کریں (سالانہ دیکھ بھال ضروری ھے)۔
2. بلوور چل نہیں رہا (Blower Not Working)
وجوہات:
① موٹر کی خرابی۔
② تھرموسٹیٹ کی غلط سیٹنگ۔
③ ٹرپ شدہ سرکٹ بریکر۔
ممکنہ حل:
① سرکٹ بریکر کو ری سیٹ کریں۔
② تھرموسٹیٹ کی بیٹری اور سیٹنگ چیک کریں۔
③ موٹر اور اس کے کپیسیٹر کی جانچ کرائیں (پیشہ ورانہ کام)۔
3. گرم یا کم ہوا کا بہاؤ (Weak Airflow)
وجوہات:
① گندا ایئر فلٹر
سب سے عام وجہ۔
② ڈکٹ میں رساؤ (Leakage)
یا بلاکیج
ڈکٹ ٹوٹ جانا یا بند ہو جانا۔
③ بلوور موٹر کمزور کام کر رہی ہے۔
ممکنہ حل:
① ایئر فلٹر کو ہر 1 سے 3 ماہ بعد تبدیل کریں۔
② ڈکٹ ورک کا معائنہ کریں اور سیل کریں۔
③ بلوور وہیل (Wheel) کو صاف کریں۔
4. ایواپوریٹر کوائل پر برف جمنا (Coil Freezing)
وجوہات:
① ہوا کا بہاؤ کمزور
② ریفریجرینٹ کا بہت زیادہ کم ہونا
ممکنہ حل:
① سسٹم کو آف کر کے برف پگھلائیں
② فلٹر تبدیل کریں، اور ہوا کا بہاؤ بحال ہونے پر ریفریجرینٹ کی سطح چیک کرائیں۔
5. عجیب شور آنا (Strange Noises)
① ڈھیلا بیلٹ یا فین بلیڈ (Squealing/Screeching)
② موٹر بیئرنگ کی خرابی (Grinding) ③ ریفریجرینٹ کا غیر معمولی بہاؤ (Hissing)
ممکنہ حل:
① فین بلیڈ اور بیلٹ کو ٹائیٹ کریں تبدیل کریں۔
② پیشہ ورانہ مرمت یا موٹر کی تبدیلی۔
ممکنہ مسائل کا مجموعی حل:
ایچ وی اے سی (HVAC) سسٹم کے زیادہ تر مسائل کو باقاعدگی سے احتیاطی دیکھ بھال کے ذریعے حل کیا جا سکتا ھے
1. فلٹر کی تبدیلی
ہر 1-3 ماہ بعد فلٹر ضرور تبدیل کریں۔
2. کوائل کی صفائی
کنڈینسر اور ایواپوریٹر کوائلز کو سال میں کم از کم ایک بار صاف کرائیں۔
3. پیشہ ورانہ سالانہ معائنہ
کسی مستند ٹیکنیشن سے ریفریجرینٹ کی سطح، کمپریسر ہیلتھ، اور الیکٹریکل کنکشنز کا سالانہ معائنہ کروائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
امید ھے کہ حسب سابق آپکو یہ معلومات بھی پسند آئی ھوں گی ۔
پوسٹ کو شئیر لازمی کر دیا کریں تاکہ انفارمیشن دوسروں تک بھی پہنچ سکے۔
سلامت رہیں!
#عتیق_الرحمن
![]()

