Daily Roshni News

ایک کیوسک پانی کتنا ہوتا ہے؟ ۔۔۔ تحریر۔۔۔۔رفاقت علی رانجھا

ایک کیوسک پانی کتنا ہوتا ہے؟

تحریر۔۔۔۔رفاقت علی رانجھا

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ ایک کیوسک پانی کتنا ہوتا ہے؟ ۔۔۔ تحریر۔۔۔۔رفاقت علی رانجھا )ہر طرف بھیانک سیلابی ریلے سر چڑھ کر بول رہے ہیں۔ ایسے میں ایک لفظ کیوسک ہر زبان پر ہے۔ فلاں بیراج پہ اتنے کیوسک پانی کا ریلا آ رہا ہے۔ راوی پل سے اتنے کیوسک پانی گزر سکتا ہے۔ کتنے کیوسک ہوں تو اونچے درجے کا سیلاب ہوتا ہے اور اتنے کیوسک پر نچلے درجے کا۔ آئیے عام اور سادہ لفظوں میں سیکھتے ہیں کہ یہ کیوسک آخر بلا کیا ہے۔ ایک سادی سی وضاحت ہے۔ کیوسک دراصل پانی کے گزرنے کا بہاؤ کا پیمانہ ہے

تصور کریں کہ ایک طرف سے پانی آ رہا ہے مگر اس کے رستے میں ایک ایسی دیوار ہے جو ایک فٹ چوڑی/موٹی ہے۔ اس دیوار میں ہم ایک ایسا سوراخ بناتے ہیں جو ایک فٹ چوڑا اور ایک فٹ اونچا ہو۔ یہ ایک ایسا خانہ بن گیا ہے جو انچائی،  چوڑائی اور موٹائی میں ایک مکعب فٹ ہے۔ اب اس خانے میں سے ایک سیکنڈ میں جتنا پانی گزرے کا وہ ایک کیوسک ( تقریباً 28 لیٹر) کہلائے گا۔ اس طرح کے ہزار سوراخ ہوں تو ان سب میں سے گزرنے والا پانی 1000 کیوسک ہو گا۔ یوں بھی ایک مکعب فٹ سے 28 لیٹر پانی گزرنے تو یہ ایک کیوسک ہے۔

 چونکہ بیراج میں پانی روکنے اور خارج کرنے کیلئے گیٹ موجود ہوتے ہیں جن سے پانی کے اخراج کو مرضی سے کم یا زیادہ کیا جا سکتا ہے۔ اس میں کیوسک کیلئے نشان بھی موجود ہوتے ہیں۔ ان نشانات سے پانی کا فی سیکنڈ اخراج آسانی سے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ بیراج کا سائز، اس کے گیٹ کا ایریا جانچ کر ہی کیوسک پانی کی مقدار جانچی جا سکتی ہے۔

ایک خاص حد سے زیادہ کیوسک پانی کا ریلا آ جائے تو وہ بیراج کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا کر دیتا ہے۔ اس صورت میں بیراج کے سائیڈ والے پشتے بارود سے اڑا دئیے جاتے ہیں تاکہ بیراج کو بچایا جا سکے۔ پشتہ ٹوٹنے سے اچانک اٹھنے والے سیلاب کی یہ انتہائی، شدید ترین اور تباہ کن شکل ہے جو کسی ڈیم ٹوٹنے کے جیسا ہوتا ہے۔ یہ سیکنڈوں میں بستیوں کو نگلتا ہوا آگے گزر جاتا ہے۔

اور ہاں کیوسک انگریزی لفظ Cu اور Sec سے بنا ہے جس کا مطلب کیوب یعنی مکعب پانی ،اور Sec کا مطلب سیکنڈز ہے۔

#rafaqataliranjha

رفاقت علی رانجھا

27 اگست 2025

Loading