Daily Roshni News

بابر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دیدیا

پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔

بابراعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پاکستان ٹیم کی کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیاہے۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے پر توجہ دینا اور فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک جو حاصل کیا اس پر فخر محسوس کرتاہوں،بطور کھلاڑی اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے تیار ہوں۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم نے اپنی فیملی اور قریبی دوستوں سے مشاورت کے بعد استعفیٰ دیا ہے،وہ کافی دنوں سے اپنے قریبی دوستوں سے کپتانی کے حوالے سے مشاورت کر رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں موجود بابراعظم کے قریبی دوستوں نے انہیں مستعفی ہونےکی تجویز دی تھی۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم کا چیمپئنز کپ میں کپتانی قبول نہ کرنا بھی کپتانی سے استعفیٰ دینے کی طرف پہلا قدم تھا۔

یاد رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال ورلڈکپ میں شکست کے بعد نومبر میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے۔جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کر دیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

لیکن پھر رواں سال مارچ میں بابر اعظم کو ایک بار پھر پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ کا کپتان بنایا گیا تھا۔

بابراعظم کی قیادت میں پاکستان نے43 ون ڈےکھیلے، جس میں 26 میں جیت اور 15 میں شکست ہوئی۔

اس کے علاوہ بابرکی قیادت میں پاکستان نے 85 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 48 جیتے اور 29 ہارے۔

Loading