برطانیہ سمیت 25 ممالک نے غزہ پٹی میں جنگ بندی اور امدادی سامان کی تقسیم کا مطالبہ کر دیا۔
برطانوی حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں اسرائیل سے غزہ پٹی پر مسلط جنگ فوری طور پر روکنے اور امدادی سامان کی ترسیل کا مطالبہ کیا گیا۔
مشترکہ بیان پر دستخط کرنے والے ممالک نے اسرائیل پر فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور امدادی سامان کی تقسیم کے دوران ان کی عزت نفس مجروح کرنے پر کڑی نکتہ چینی کی۔
بیان میں غزہ پٹی کے شہریوں میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے اسرائیلی پالیسی، سست روی اور امداد کے منتظر نہتے شہریوں بالخصوص بچوں کا سفاکانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے امدادی سامان کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مشترکہ بیان پر برطانیہ، فرانس، اٹلی، ڈنمارک، جاپان اور کینیڈا سمیت 25 ممالک نے دستخط کیے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 فلسطینی شہید ہوگئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں میں 99 شہید اور 650 زخمی وہ ہیں جو امداد کے حصول کے دوران شہید یا زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے مطابق کئی علاقوں میں ایمبولینسز اور سول ڈیفنس اہلکاروں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کئی شہری عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری بدترین اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 59 ہزار 29 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 42 ہزار 135 زخمی ہوچکے ہیں۔