Daily Roshni News

“بچوں کی بدتمیزی سے پریشان مائیں: برکت کا راز سنبھال لیں!”

“بچوں کی بدتمیزی سے پریشان مائیں: برکت کا راز سنبھال لیں!”

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )کچھ وقت سے میں محسوس کر رہی تھی کہ میرے بچے، جو اب ذرا بڑے ہو رہے ہیں، ان کے لہجے میں ایک عجیب سی سختی، بے ادبی اور جواب دینے کی عادت بڑھتی جا رہی ہے۔ یہ سب میرے لیے بہت تکلیف دہ اور ناقابل برداشت تھا۔ میں نے فوراً ان کی تربیت پر بھرپور توجہ دینا شروع کی۔

گھر سے باہر جانے پر پابندی لگا دی، دوستوں کی آمدورفت کو محدود کر دیا، ٹی وی اور میڈیا سے دور کیا اور سارا فارغ وقت صرف بچوں کو دینے لگی۔ ان کے ساتھ کھیلنا، بات کرنا، ان کی تربیت کرنا میری روزمرہ کی ترجیح بن گئی۔ مگر دل کو سکون نہیں ملا۔

ایک دن، بہت پریشان ہو کر میں اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعا کرنے لگی، رو رو کر التجا کی: “یا اللہ! میں اتنی محنت کے باوجود ویسے نتائج کیوں نہیں دیکھ پا رہی جیسا چاہتی ہوں؟”

پھر ایک دن ماضی کی یادیں دماغ میں تازہ ہوئیں، جیسے کسی خزانے کی چابی ہاتھ آ گئی ہو۔ مجھے اپنی امی یاد آئیں، جنہیں میں ہمیشہ فجر کے بعد آٹا گوندھتے اور ساتھ درود پاک پڑھتے دیکھا کرتی تھی۔ کبھی سالن بناتے ہوئے اللہ کا ذکر، کبھی سبزی کاٹتے ہوئے تسبیح۔۔۔ وہ ہمیشہ کہا کرتی تھیں:

“بیٹا! ذکرِ الٰہی کے ساتھ کیا گیا کام، خاص طور پر کھانا، نہ صرف رزق میں برکت لاتا ہے بلکہ اولاد کے دل و دماغ میں بھی نرمی اور سکون پیدا کرتا ہے۔”

تب مجھے یاد آیا کہ پچھلے چند ماہ سے میں ذکر کے بغیر کھانا بنا رہی تھی۔ بس جلدی میں تھی، اور اسی جلدی میں برکت بھی رخصت ہو گئی تھی۔

اُسی دن سے میں نے نیت کر لی کہ اب ہر کام، خاص طور پر کھانا پکانے کے دوران، اللہ کا ذکر اور درود پاک لازمی پڑھا جائے گا۔ اور واقعی، جیسے ہی میں نے یہ عمل دوبارہ شروع کیا، میرے دل کو سکون ملنے لگا۔ گھر کا ماحول بدلنے لگا، بچے نرم مزاج اور خوش اخلاق ہونے لگے، بیماریاں بھی کم ہونے لگیں، اور سب سے بڑھ کر دل میں ایک روحانی اطمینان محسوس ہونے لگا۔

اب پانی پینے سے پہلے بھی “بسم اللہ” کہنا یاد ہے، اور دن کا اختتام شکرانے کے نوافل سے ہوتا ہے۔ اب کبھی دل میں کوئی خوف نہیں آتا، نہ ہی کسی چوری یا حادثے کا وسوسہ، کیونکہ مجھے یقین ہو گیا ہے:

“میرے لیے میرا رب ہی کافی ہے!”

تو میری تمام بہنوں سے ایک درخواست ہے — اگر آپ کے گھر میں بے سکونی ہے، بچوں میں ضد یا بدتمیزی بڑھ گئی ہے، تو صرف ایک کام کر کے دیکھیں:

اللہ کا نام لے کر کھانا بنائیں، درود پاک کے ساتھ آٹا گوندھیں، ذکر کے ساتھ سالن تیار کریں — ان شاء اللہ زندگی میں وہ سکون واپس آ جائے گا جو کہیں کھو گیا تھا۔

اللہ کی رضا کی نیت سے یہ بات آگے شیئر کریں۔

کیا پتا آپ کی یہ چھوٹی سی کوشش کسی اور کی زندگی میں روشنی کا ذریعہ بن جائے۔

Loading