لاہور : پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات طے نہ پانے کے سبب چیمپئنز ٹرافی2025 کے شیڈول کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع تاحال جاری ہے، بھارت پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کر چکا ہے تو دوسری طرف چیمپئنزٹرافی ہائی برڈماڈل پر تسلیم نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ بھی اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے سے پیش رفت نہیں ہورہی لہٰذا موجودہ صورتحال میں شیڈول کا اعلان اگلے 24گھنٹے میں مشکل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسٹیک ہولڈرز نے لچک دکھائی تو پھر شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں ممکن ہوسکے گا۔
دوسری جانب اسٹیک ہولڈر شیڈول کے مطابق باہمی اتفاق کے ساتھ ایونٹ کے انعقاد کے حق میں ہیں۔
ادھر براڈ کاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز پاک بھارت میچ کے بغیر شیڈول تسلیم نہ کرنے کے مؤقف پر قائم ہیں، براڈ کاسٹرز نے پاک بھارت میچ نہ ہونے کی صورت میں قانونی چارہ جوئی کا بھی بتا دیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل جے شاہ کے ذمےداریاں سنبھالنے سے قبل شیڈول کے معاملے کوحل کرنے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ بھارتی بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ یکم دسمبر کو چیئرمین آئی سی سی کی ذمےداریاں سنبھالیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نےکہہ چکے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور اگر بھارت کو تحفظات ہیں تو ہم سے بات کرے۔