Daily Roshni News

ترکیہ کو یورپی یونین سےکوئی توقعات نہیں ہیں: رجب طیب اردوان

ترک صدر  رجب طیب اردوان کا کہنا ہےکہ ترکیہ کو  یورپی یونین سےکوئی توقعات نہیں ہیں۔

ترک پارلیمان کے اجلاس سے خطاب میں صدر ردوان کا کہنا تھا کہ  آج انقرہ میں دہشت گردی کرنے والے اپنے عزائم میں ناکام ہوگئے، پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ آور مارے گئے، شہر میں دہشت گردی کی یہ آخری لہر ہے، ترکیہ دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھےگا، دہشت گرد کبھی اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ نئے پارلیمانی سیشن کے لیے نیا آئین ترجیح ہے، ترکیہ مہنگائی کے خلاف کوششیں جاری رکھےگا، ترکیہ کی ترقی کے لیے بہت کام کیا گیا ہے، اب ہم ایسے ملک میں نہیں رہتے جہاں پارلیمان ختم کرکے بغاوت کی جائے، ہماری ذمہ داری ہےکہ  شہری نئے آئین کے لیےکام کریں۔

 رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اپنی غلطیاں خصوصاً ویزہ معاملات میں غلطیاں درست نہیں کرتا تو یورپی یونین ہم سے کسی بھی قسم کی توقع کا حق کھو دےگا۔

خیال رہے کہ آج ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشت گرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ میں ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا تھا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے، دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ  2 دہشت گرد ایک گاڑی میں پہنچے تھے، مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے وہاں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے دہشت گرد نے فائرنگ کی مگر پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔

یہ دھماکا اس وقت ہوا جب ترک پارلیمنٹ کا اجلاس یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شیڈول تھا۔

Loading