Daily Roshni News

تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارک باد دی اور متعلقہ اداروں کے کام کی تعریف کی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے امور  پر  ہونے والے  اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی مد میں خرچ ہونے والا زر مبادلہ بچایا جا سکے۔

وزیراعظم نے تیل و گیس سپلائی چین کو  درآمد ہونے سے لے کر صارفین کے استعمال تک ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیل و گیس کی ترسیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹائزیشن سے ان مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہوگی اور قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ضلع کوہاٹ میں ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائردریافت کر لیے ہیں اور ابتدائی ٹیسٹ کے مطابق یومیہ 4100 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے جبکہ تیل کیساتھ اس کنویں سے یومیہ 10.5 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس بھی حاصل ہوگی۔

او جی ڈی سی ایل نے مزید بتایا کہ تیل و گیس کی دریافت کیلئے زمین میں 5 ہزار 170 میٹر کی کھدائی کی گئی، منصوبے میں او جی ڈی سی، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ شراکت دار ہیں۔

Loading