جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے زیرِ اہتمام پروقار پروگرام
مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ
صدر آصف جرال کی صدارت
پیرس۔ فرانس(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔نمائندہ خصوصی۔۔۔ نیر احمد ملک) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کے زیرِ اہتمام پیرس میں ایک اہم اور پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت فورم کے صدر آصف جرال نے کی۔ پروگرام میں فرانسیسی و کشمیری کمیونٹی کے رہنماؤں، انسانی حقوق کے کارکنان اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو سے ہوا۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر گزشتہ کئی دہائیوں سے ایک کھلی جیل کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جہاں نہتے کشمیری عوام کو بنیادی حقوق، اظہارِ رائے کی آزادی، نقل و حرکت اور سیاسی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جا رہا ہے۔
شرکاء نے اس موقع پر کشمیری حریت قیادت اور حقِ خود ارادیت کے لیے قربانیاں دینے والے رہنماؤں کی جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ بالخصوص سید علی گیلانی، برہان وانی، یاسین ملک، شبیر شاہ، خرم پرویز، سجاد گل، فہد شاہ، اصف سلطان اور عرفان مہراج کی ثابت قدمی اور جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔
مقررین نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام رہنما اور کارکن اپنا بنیادی حق یعنی آزادی اور انصاف مانگ رہے ہیں، جو کسی بھی مہذب دنیا میں جرم نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ تمام کشمیری سیاسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور وادی میں جاری ریاستی جبر بند کرایا جائے۔
اس موقع پر مقررین نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا:
“ہیومن رائٹس کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف نہتے کشمیریوں کی آواز بلند کریں۔ ظلم کے خلاف خاموشی بھی ظلم میں شمولیت کے مترادف ہے۔”
انہوں نے کہا کہ عالمی فورمز، اقوامِ متحدہ، یورپی یونین اور انسانی حقوق کے اداروں کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کا جائزہ لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں تاکہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت مل سکے۔
پروگرام کے آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس آئندہ بھی بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرتا رہے گا اور دنیا کو مظلوم کشمیری عوام کی آواز سنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
تقریب کا اختتام کشمیر کی آزادی، امن اور کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا سے ہوا۔ رپورٹ منیر احمد ملک بیورو چیف پیرس فرانس
![]()








