Daily Roshni News

’جنگ ختم کرو‘، حماس کے حملے میں ہلاک اسرائیلی فوجی کا بھائی اسرائیلی وزیر پر پھٹ پڑا

اسرائیلی فوج کی غزہ پر جاری وحشیانہ بمباری کی زد میں آکر مزید 200 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اس سے قبل دو روز پہلے فلسطینی مزاحمت کاروں کے جوابی حملے میں اسرائیلی فوج کے انجینئرنگ یونٹ کے 21 اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

ان ہلاک فوجی اہلکاروں کی تدفین کے موقع پر بھائی کی موت کے غم سے نڈھال  ایک اسرائیلی فوجی کا بھائی اسرائیلی وزیر  بینی گینٹز پر پھٹ پڑا۔

اسرائیلی فوجی کے بھائی نے تدفین کے موقع پر قبرستان میں ہی گینٹز پر حملہ آور ہونے کی کوشش بھی کی جس کی ویڈیو العربیہ اردو پر شیئر کی گئی ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق ویڈیو کارئی شمرون بستی کے ایک قبرستان کی ہے جہاں جنگی کونسل کے رکن بینی گینٹز  ہلاک اسرائیلی فوجیوں کی تدفین میں شریک تھے۔

تدفین کے موقع پر ہلاک ہونے والے 35 سالہ میجر ایڈم باسموت کا بھائی جنگی کونسل کے وزیر بینی گینٹز پر چڑھ دوڑا اور چلا چلا کر کہنے لگا’ تمہیں جنگ ختم کرنا ہوگی،  میرا بھائی کسی وجہ سے نہیں مرا،  یہ تمہاری چھیڑی گئی جنگ کا ایندھن بنا ہے‘ ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کا بھائی  میجر ایڈم حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز کی طرف سے المغازی کے مقام پر کیےگئے ایک حملے میں  ہلاک ہوگیا تھا۔

اسرائیلی فوجی کے بھائی کے بھڑکنے کے باوجوداسرائیلی وزیر گینٹز خاموش دکھائی دیے  تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے مشتعل اسرائیلی نوجوان کو قابو کرنے اور بینی گینٹز سے دور رکھنے کی کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں میں 25 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

Loading