Daily Roshni News

جی 7 ممالک کا مقصد روس کو روکنا اور سیاسی حریف کے طور پر اسے ختم کرنا ہے: روس

ماسکو: روسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جی 7 ممالک روس اور چین کی دوہری روک تھام کرنا چاہتے ہیں اور جغرافیائی سیاسی حریف کے طور پر روس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ہیروشیما میں منعقدہ گروپ آف 7 سربراہی اجلاس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس اجلاس میں جن فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اپنایا گیا ان کا مقصد روس اور چین کی دوہری روک تھام کرنا ہے۔

لاوروف نے یہ بات سفارت کاری اور دفاعی پالیسی سے متعلق ایک کانفرنس میں کہی جو ہفتے کے روز دارالحکومت ماسکو کے مضافات میں منعقد ہوئی۔

انہوں نے مغربی اقوام کی جانب سے یوکرین کی حمایت میں شدت لانے پر انہیں بارہا تنقید کا نشانہ بنایا، ہفتے کے روز جاری ہونے والے جی 7 رہنماؤں کے اعلامیے میں، شرکا نے روس کی جارحیت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

لاوروف نے یہ بھی واضح کیا کہ روس کی مغربی ممالک کے ساتھ محاذ آرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممالک صرف میدانِ جنگ میں روس کو شکست دینے کی کوشش نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ جغرافیائی سیاسی حریف کے طور پر بھی روس کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

Loading