خوش رہیے، خوش رکھیے کہ زندگی بار دگر نہیں
از قلم۔۔۔شاہین کمال
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ خوش رہیے، خوش رکھیے کہ زندگی بار دگر نہیں ۔۔۔ از قلم۔۔۔شاہین کمال)کیلگریامام شافعی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ قرآن مجید میں ایک ایسی آیت ہے جو ظالم کے دل میں تیر اور مظلوم کے دل پر مرہم ہے
“اور تیرا رب بھولنے والا نہیں “
(سورۃ مریم آیت نمبر 26 کا آخری حصہ)
بےشک یہ وہ آیت ہے جو دلوں کو لرزا کر رکھ دیتی ہے. ہمارا کوئی بھی عمل خواہ سات پردوں کے پیچھے کیا گیا ہو یا رات کی گھور تاریکی میں. اس علیم و خبیر سے کچھ بھی تو پوشیدہ نہیں کہ دلوں میں پلنے والے خیالات اور دماغوں میں رینگنے والے افکار بھی اس پر آشکار ہیں .
ایک پل صرف ایک پل کا غور و فکر ہمیں مستقل خسارے سے بچا سکتا ہے. وہ عادل کچھ نہیں بھولتا کہ وہ نسیان سے پاک ہے۔ اسے نہ نیند آتی ہے اور نہ ہی اونگھ. وہ نیتوں کا جاننے والا سب جانتا ہے. لہٰذا عمل کو ریا سے پاک رکھنے کی حتیٰ المقدور کوشش، نیکیوں کی سعی اور کوتاہیوں اور نا انصافیوں سے ہر ممکن اجتناب ہی گوہر مقصود ہونا چاہیے. یاد رہے کہ معمولی سی معمولی نیکی بھی انمول . کسی کے بے درد لمحوں میں ایک مخلصانہ مسکراہٹ، ٹوٹتے حوصلوں کے بیچ ایک شفیق تھپکی یا ایک پردہ پوش نظر. اس رب کریم سے کچھ بھی تو نہاں نہیں. جگر پاش جملے ہوں ، طنزیہ مسکراہٹ یا قہر برساتی نظریں اس سے کچھ مخفی نہیں . ان ساری ریاضتوں کا مقصد محض انسانوں کے ظرف کی جانچ ہے. ہر نیک عمل ایک موقعہ ، حاصل کر لیا تو اجر اور اگر نادانی سے کھو دیا تو زیاں، ایک ابدی گھاٹا.
اللہ تعالیٰ ہم سبھوں کو تشفی اور مرہم بننے کا ہنر عطا فرمائے اور ظلم کرنے یا ظالم کا شریک ہونے سے محفوظ رکھے.
آمین ثم آمین
کرو مہربانی تم اہل زمین پر
خدا مہرباں ہو گا عرش بریں پر
خوش رہیے، خوش رکھیے کہ زندگی بار دگر نہیں
از قلم
شاہین کمال