Daily Roshni News

دوسرا ون ڈے: حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، پوری ٹیم 163 پر ڈھیر

ایڈیلیڈ : تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیدیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز جیک فریسر مک گرج اور میتھیو شارٹ نے کیا لیکن دونوں کھلاڑیوں کو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی پویلین لوٹا دیا، جیک فریسر 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ میتھیو شارٹ کو شاہین نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

دوسرا ون ڈے:  حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، پوری ٹیم 163 پر ڈھیر
فوٹو کرک انفو

آسٹریلیا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جوش انگلس تھے جو 18 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، مارنس لبوشین کو بھی حارث نے ہی پویلین کی راہ دکھائی۔  

محمد حسنین نے آسٹریلیا کے سیٹ بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 35 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرایا جبکہ ایرون ہارڈی اور گلین میکسویل کو حارث نے اپنا شکار بنایا۔ مچل اسٹارک کو نسیم شاہ نے بولڈ کیا جبکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز حارث رؤف کے پانچویں شکار بنے جبکہ آخری وکٹ شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں آئی۔

دوسرا ون ڈے:  حارث رؤف نے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن تباہ کردی، پوری ٹیم 163 پر ڈھیر
حارث رؤف کا وکٹ لینے کے بعد پرجوش انداز۔ فوٹو کرک انفو 

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 29 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 26 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں، ایک ایک وکٹ محمد حسنین اور نسیم شاہ کے حصے میں آئی۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا آسٹریلیا کے خلاف پہلا ون ڈے کھیلنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا گیا ہے اور پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں  کی ہے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ ہی کرتے، ہم نے بھی اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلا ون ڈے جیتنے والی ٹیم کو برقرار رکھا ہے۔

یاد رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Loading