دُنیا کا شمالی قطب انتہائی یخ برفانی علاقہ ہے.
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )دُنیا کا شمالی قطب انتہائی یخ برفانی علاقہ ہے. برفانی طوفان اور تیز ہوائیں یہاں رہائش بہت پیچیدہ بنا دیتی ہیں. لیکن یہاں بھی لوگ رہتے ہیں جن کو اسکیمو کہتے ہیں. اسکیمو برف میں برف کے گھر بناتے ہیں جن کو اگلو کہتے ہیں.
یہ چھوٹے چھوٹے اگلو بہت کمال کے گھر ہوتے ہیں. باہر کی منجمد سردی اور برفانی ہوا کے شور سے جیسے ہی آپ اندر جاتے ہیں ایک دم ایک خاموشی اور سکون کا احساس ملتا ہے. یہاں اسکیمو سیل جانوروں کی چربی کے لیمپ جلاتے ہیں. اس لیمپ کی چھوٹی سی لو بھی اگلو کو کافی گرم کر دیتی ہے.
ایک طرف انہوں نے برف کا ہی فرش سے اونچا بستر بنایا ہوتا ہے. گرم ہوا کا وزن کم ہوتا ہے تو یہ اوپر ہوتی ہے. ٹھنڈی ہوا نیچے ہوتی ہے. باہر جب خون منجمد کرنے والا طوفان چل رہا ہوتا ہے یہ اپنے اونچے برفیلے بستر پر برفانی ریچھ کی کھال لپیٹے اگلو میں سکون کی نیند لیتے ہیں. اسکیمو کی زندگی میں سب سے اہم صبر ہے.
اسکیمو کو کسی چیز کی بھی جلدی نہیں ہوتی. انکا ہر کام سکون سے ہوتا ہے. کیونکہ یہ جانتے ہیں اس سرد ماحول میں سب سے اہم توانائی ہے. بھاگ دوڑ اس توانائی کو جلدی ختم کرتی ہے. ہمارے موسم اتنے شدید نہیں ہیں لیکن یہاں آبادی زیادہ ہے. اس آبادی میں صبر کی کمی ہے اس لئے ہر طرف ایک دوڑ لگی ہے. شور ایسا جیسے کوئی طوفان چل رہا ہو.
ایسے میں تھک جانا گھبرا جانا عام ہے. ہمیں ہماری بے صبری تھکا دیتی ہے. مایوس کر دیتی ہے. ہمیں لگتا ہے جیسے ہم سب کچھ ہار رہے ہوں. تب مایوسی کی بجائے اپنی ذات کے اگلو میں بیٹھ کر ایک اسکیمو کی طرح صبر و برداشت کا سبق دوبارہ پڑھیں. چارلی چپلن نے کہا تھا زندگی کو جتنا قریب سے دیکھو یہ دکھ اور جتنا دور سے دیکھو کامیڈی ہے.
ریاض علی خٹک