Daily Roshni News

دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مکمل، یمن سے فوجی دستے واپس بلا لیے: یو اے ای

متحدہ عرب امارات نے یمن سے اپنے فوجی دستے واپس بلا لیے۔

اماراتی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کےبعد فوج واپس بلالی، یمن میں شراکت داروں کےساتھ ہم آہنگی سےفوجی مشن مکمل کیا۔

وزارت دفاع کے مطابق یہ اقدام یو اے ای کی اپنی مرضی سے کیا گیا اور تمام فوجی عملے کو محفوظ طریقے سے واپس لایا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل یمن کی صدارتی کونسل (پی ایل سی) نے یو اے ای کے ساتھ دفاعی معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے  اماراتی فوجیوں کو  ملک چھوڑنے کا حکم دیاتھا۔

یمن کے حکم کے بعد سعودی عرب نے یو اے ای سے مطالبہ کیا کہ  وہ یمنی حکومت کے مطالبے کے مطابق 24 گھنٹے میں اپنی فوج یمن سے واپس بلائے اور کسی بھی فریق کو عسکری یا مالی معاونت کا عمل فوری بند کرے۔

متحدہ عرب امارات نے یمن سے متعلق سعودی عرب کے بیان پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اس حوالے سے تمام الزامات مسترد کردیے تھے۔

دوسری جانب جنوبی یمن کے علیحدگی پسند گروپ سدرن ٹرانزیشنل کونسل نے یمن میں جنوبی ریاست کے قیام کے لیے 2 سالہ منصوبے کا اعلان کردیا۔

علیحدگی پسند گروپ نے متنازعہ جنوبی یمن کیلئے نیا آئین اپنانے کا ارادہ بھی ظاہر کردیا اور کہا کہ یہ علیحدگی نہیں بلکہ ریاست کی مکمل خودمختاری کی طرف ایک قدم ہے۔

Loading