دی ہیگ ،منہاج القرآن میں جمعہ کا اجتماع
حضرت عثمان غنیؓ کو ظلم کرکے شہید کیا گیا۔
علامہ حافظ یاسر نسیم قادری کا خصوصی خطاب۔
نیدرلینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔جاوید عظیمی) منہاج القرآن انٹرنیشنل دی ہیگ کی وسیع وعریض کشادہ مسجد میں پانچ وقت نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ ہر جمعتہ المبارک کو جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے لئے بھی باقاعدگی سے خصوصی اہتمام کیا جاتاہے جس میں پاکستانی کمیونٹی کے حضرات کثیرتعداد میں شریک ہوتے ہیں
جبکہ خواتین کے لئے پردے کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔گزشتہ دنوں7جولائی 2023کو جمعتہ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے مذکورہ مسجد کے امام و خطیب علامہ حافظ یاسر نسیم قادری نے اپنے مخصوص انداز میں خلیفہ سوم حضرت عثمان غنیؓ کی شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شہادت سے قبل آپؓ کو کئی دن کو بھوکا پیاسا رکھا گیا اور جب سفاک لوگوں نے حضرت عثمان غنی ؓ کو شہید کیا تو آپؓ اللہ تعالیٰ کی آخری آفاقی مقدس کتاب قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت کر رہے تھے اس حملے کے دوران آپؓ کی اہلیہ حضرت نائلہ نے ظالموں کو روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے ان کے ہاتھوں کی انگلیاں کاٹ دئیں۔ آخر کار ظالم اور سفاک باغیوں نے اٹھارہ ڈالحجھہ کو بڑی بے دردی سے حضرت عثمان غنی ؓ ذوالنورینؓ کو شہید کر دیا۔علامہ یاسر نسیم نے اپنے خطاب کے دوران ایک موقعہ پر کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ باغیوں سے کہتے تھے
کہ اگر تم میری جان لینا چاہتے ہو تو لے لو مگر فساد اور ہنگامہ آرائی کرکے دوسروں کی جان نہ لو ہمیشہ آپؓ نے اپنے دور خلافت میں ہمیشہ عجزو انکسار کو اپنایا فروغ اسلام،مسلمانوں اور کفار کے مابین ہونے والے غزوات میں آپؓ نے مالی معاونت اور سخاوت کرنے کی مثالی خدمات پیش کیں۔ ان گرانقدر خدمات پر رسول محتشم ﷺ نے آپؓ کو غنی کے لقب سے نوازا اس لئے آج تک آپ کو حضرت عثمان غنی کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔آپؓ کی عظمت و شان کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ نبی کریم ﷺ نے اپنی دو صاحبزادیاں آپ کے عقد میں دئیں۔ نماز جمعہ کے اختتام پر درود و سلام پڑھا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔