دی ہیگ میں اسلامی قبرستان کے لیے زمین مختص — باضابطہ اعلان، ڈینک کی بڑی کامیابی
ہالینڈ ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔۔۔ نمائندہ خصوصی )بالآخر یہ باضابطہ طور پر اعلان کر دیا گیا ہے کہ دی ہیگ میں اسلامی قبرستان کے لیے زمین مختص کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کو سٹی کونسل کے کالج کے باضابطہ فیصلے کی صورت میں جاری کیا گیا، جس کی تصدیق ڈینک کے ایلڈر مین نور اکار نے ایک سرکاری خط کے ذریعے کی۔ یوں یہ معاملہ اب سرکاری طور پر طے پا چکا ہے، الحمدللہ۔
ڈینک نے اس اہم نکتے کو اتحادی معاہدے میں شامل کروا کر ایک نمایاں سیاسی کامیابی حاصل کی۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ ان کے وعدوں کی تکمیل کا عملی ثبوت ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ “یہ خالی وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات ہیں۔”
اس موقع پر ڈینک دی ہیگ کے فریکٹیوورزِٹر عدیل محمود نے ہیگ کی مسلم کمیونٹی کو اس پیش رفت پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی قبرستان کے لیے زمین کا حصول ایک دیرینہ مطالبہ تھا جس کے لیے کئی برسوں سے مسلسل آواز بلند کی جاتی رہی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ جب عوامی نمائندے خلوص، استقامت اور واضح مؤقف کے ساتھ جدوجہد کریں تو برادری کے اہم مسائل حل کیے جا سکتے ہیں اور سیاسی جدوجہد حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔
پارٹی کے مطابق دی ہیگ میں مسلمانوں کی دائمی تدفین کے لیے زمین کا مختص ہونا اس بات کی علامت ہے کہ مسلمان بھی اس معاشرے کا مکمل اور مساوی حصہ ہیں۔
ڈینگ دی ہیگ نے 18 مارچ کو ہونے والے انتخابات کے تناظر میں شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارٹی کو دوبارہ اعتماد کا ووٹ دیں تاکہ یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رکھی جا سکے۔ 💚
![]()

