Daily Roshni News

روسی جنگ اور ہنگرین تحفظات کے باوجود یوکرین کی یورپی یونین کی رکنیت پر مذاکرات کی منظوری

یورپی یونین کی جانب سے  روس کے ساتھ جاری جنگ اور ہنگری کے تحفظات کے باوجود یوکرین کی یورپی یونین کی میمبر شپ سے متعلق مذاکرات شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق برسلز میں جاری یورپی یونین کے سمٹ کے دوران یوکرین کی رکنیت سے متعلق اہم فیصلے کی منظوری دی گئی ہے، حالانکہ عملی طور پر یوکرین کو یونین کا رکن بننے کیلئے ابھی کافی وقت درکار ہوگا تاہم یہ فیصلہ مغرب میں اپنے مفادات کے تحفظ اور اسے روسی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے یہ فیصلہ جنگ کے ایسے اہم مرحلے پر کیا گیا ہے جب روسی افواج کو یوکرین میں اپنے اہداف حاصل کرنے اور یوکرینی حکومت کو امریکی کانگریس سے 60 ارب ڈالر کا امدادی پیکج حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے ہنگری کے تحفظات کے باوجود یہ فیصلہ انتہائی غیر روایتی انداز سے کیا گیا جس پر روس سے قریبی تعلقات رکھنے والے ہنگری کے وزیراعظم نے اجلاس چھوڑ کر جانے کا اعلان کیا جس پر اتحاد کے 26 ارکان بھی رضامند دکھائی دیے۔

خبر ایجنسی کے مطابق سفارت کاروں کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر اولاف شولز نے ہنگری کے وزیراعظم کے ایوان  چھوڑنے کر جانے کے معاملے میں اہم کردار ادا کیا تاکہ فیصلے کیلئے رستا صاف ہو جائے۔

یورپی یونین کے متعدد رہنماؤں کا خیال تھا کہ یوکرینی رکنیت سے متعلق مذاکرات کا عمل شروع نہ کرنا ایک اعتبار سے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی فتح کے مترادف ہے۔

یوکرینی صدر ولادومیر زیلنسکی نے یورپی یونین کے فیصلے کو یوکرینی فتح قرار دیکر یوکرینی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ہمارے لیے مزید حوصلہ افزا، متاثر کن اور مضبوطی ثابت ہوگی، تاریخ ہمیشہ انہوں نے لکھی ہے جو کبھی آزادی کی جنگ سے نہیں گھبرائے۔

Loading