Daily Roshni News

زندگی کے ورقے پہ عجب اک اچنبھا ہے!

زندگی کے ورقے پہ عجب اک اچنبھا ہے!

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )ایک انسان کو دوسرا انسان مدد کے لیے تک رہا ہو اور وہ اس سے غافل رہے، آخر کیوں؟؟

یہی سامنے والے انسان سے اگر آپ کا کوئی رشتہ، تعلق، واسطہ منسوب ہو تو آپ جھٹ سے اس کی مدد کو تیار ہوں گے لیکن اگر سامنے والا آپ کا شوہر، بیٹا، بیوی، ماں، باپ، بہن، بھائی جیسا رشتہ نادرہ کے ریکارڈ میں نہیں رکھتا تو وہ سسک سسک کے بھی مر جائے تو خیر ہے، مرتا ہے تو مر جائے ؟ یعنی انسان کا انسان پہ کوئی حق نہیں؟

فقط رشتوں کی سودے بازی ہے؟

 کہ اگر سامنے والے سے میرا رشتہ ہے کہ وہ میرا بیٹا ہے اور وہ درد میں ہے تو مجھے بہت درد ہے، اسے کوئی اسائمنٹ سمجھ نہیں آ رہی تو مجھے بھی چین نہیں ہے، اس کا امتحان چل رہا ہے تو میں بھی ہلکان ہوں، وہ اچانک سے نیچے گرا تو جیسے میری بھی جان نکل گئی؟ آخر کیوں؟

فقط اس لیے کہ اس پہ “میرا بیٹا” ہونے کا ٹیگ لگا ہوا ہے؟ لیکن اگر اسی ڈھانچے والا، اسی ساخت والا کوئی اور بچہ یا انسان سامنے ہے جو مشکل میں ہے اور اسے مدد درکار ہے جو کہ مالی مدد بھی نہی ہے، بہت معمولی سی مدد ہے مگر میں اس کی طرف سے مکمل بے حس اپنے کام میں یا بس فرصت میں مشغول ہوں؟ کیوں؟

کیونکہ سامنے والے پہ میرے ساتھ کسی تعلق واسطے کا ٹیگ نہیں ہے؟ کیا یہ ٹیگ کافی نہیں کہ وہ اللہ کی مخلوق ہے؟ کیا انسانیت کا رشتہ کوئی رشتہ نہیں ہوتا؟

 انسان کس دھن میں کس سمت میں دوڑی جا رہا ہے؟ جس میں اس بیچارے کے پاس دو گھڑی زرا سی رفتار آہستہ کر کے کسی کو اپنے ساتھ سڑک پار کروانے کی فرصت ہی نہیں (یہ سڑک صرف راستے کی نہی، زندگی کی کوئی بھی سڑک ہو سکتی ہے، کسی کا معمولی سا کام ہو سکتا ہے جس میں آپ کے چند منٹ کے سوا اور کچھ درکار نہ ہو). کبھی تیز دوڑتے دوڑتے ایک پل کو رک کے سوچئے تو سہی کہ کس ریس میں دوڑی جا رہے ہیں؟

کیسا مقابلہ ہے اور کس کے ساتھ مقابلہ بازی ہے؟ اتنی تیز رفتار سے جا کس طرف رہے ہیں؟ موت کی طرف؟

 ہاں کیونکہ اس دنیا میں سب سے بڑی لازم حقیقت موت ہی ہے! کچھ لمحے توقف کر کے خود سے پوچھیں کہ آپ بہت بڑے افسر، انجینئر، ڈاکٹر، وکیل، جج کچھ بھی لگ گئے اور آپ کے نام کے ساتھ آگے پیچھے بڑے بڑے القابات کی تختیاں بھی لگ گئیں لیکن…

 لیکن اگر آپ مردہ ہی اس دنیا سے چلے گئے تو؟؟؟

ہم کب تک اپنے سامنے آنے والے سے اپنا تعلق پہلے یاد کریں گے اور وہ ایک انسان بھی ہے، اللہ کا بندہ ہے یہ بھولے بیٹھے رہیں گے، آخر کب تک؟ جب اس مٹی، گوشت پوست کے بڑے بڑے تگڑے ڈھانچوں سے بھی تڑخ تڑخ سانسیں کھینچ لی جائیں گی؟

اللہ کرے آپ کو مرنے سے پہلے پہلے زندہ ہونا نصیب ہو جائے…..

اللہ اللہ اللہ

Loading