سابق صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے
ایصال ثواب کی تقریب ۔ روح اصل انسان ہے۔ جاوید عظیمی ،
مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشاں رہے۔ راجہ فاروق ، کشمیریوں کے
حقیقی ترجمان تھے۔ راجہ قمر زیب ، انتہائی متحرک کشمیری رہنما تھے
راجہ زیب خان۔ دیگر مقررین نے بھی خراج تحسین پیش کیا ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشتی نیوز انٹر نیشنل ۔۔۔ رپورٹ۔۔۔جاوید عظیمی ۔۔۔عکاسی ۔۔محمد جمیل ) گزشتہ دنوں طویل علالت کے بعد سابق صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری رحلت کر گئے۔مرحوم کی روح کو ایصال ثواب نذر کرنے کے لئے کشمیر پیس کونسل نیدرلینڈز کے صدر راجہ زیب خان نے پاکستان اسلامک اینڈ کلچرل سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ مذکورہ تقریب کا آغاز قاری بلال نوشاہی قادری نے اپنی سحر انگیر آواز سے کیا، جبکہ بارگاہ رسالت مآبﷺ میں نعتوں کے گلدستے عامر میر اور غلام عباس نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ مولانا سرفراز نوشاہی قادری نے نظامت کرتے ہوئے تقریب کے اعراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ، پنجابی زبان میں عارفانہ اشعار اور ولندیزی زبان میں خطاب بھی کیا۔ سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران اور ڈیلی روشنی نیوز کے چیف ایڈیٹر محمد جاوید عظیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ظاہری نقوش یا جسم انسان نہیں بلکہ درحقیقت روح اصل انسان ہے اس لئے انسان یعنی روح کو موت نہیں ۔
جاوید عظیمی نے اپنی گفتگو کے دوران مولانا جلال الدین رومی ؒ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روح کا سفر ازل سے جاری ہے اس سفر کے دوران عارضی قیام کے لئے دنیا آگئی ہے۔ روح کی اگلی منزل عالم برزخ اور پھر اس سے کا مستقل ٹھکانہ عالم ارواح ہے ۔
سنیئر صحافی ، کالم نگار اور کشمیر پیس کونسل کے جنرل سیکرٹری راجہ فاروق حیدر نے اپنے خطاب میں انتہائی محبت کے ساتھ مرحوم سے اپنی ملاقاتوں کا تذکرہ محبت مگر دکھ بھرے لہجے میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل رہتے تھے۔ بعد ازاں راجہ فاروق حیدر نے مرحوم کی مغفرت اور بخشش کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کئے۔نائب صدر راجہ قمر زیب خان نے بیرسٹر سلطان محمود کی سیاسی جدو جہد اور مسئلہ کشمیرکے لئے مرحوم کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی کا لمحہ متحرک رہ کر گزارا آپ کشمیریوں کے حقیقی ترجمان تھے۔
کشمیر پیس کونسل نیدرلینڈز کے صدر راجہ زیب خان مرحوم سے گہری وابستگی اور یاد رفتگاں کے سلسلے میں ان سے ہونے والی ناقابل فراموش ملاقاتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ ایک موقعہ پر راجہ زیب نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم کشمیریوں کے حقوق کے لئے دو گھنٹے طویل بڑی مہارت سے دلائل دیتے ۔ شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے راجہ زیب نے کہا مرحوم عظیم کشمیری رہنما تھے ۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میں اپنے قائد کے مشن کو جاری رکھنے کے لئے زندگی کی آخری سانس تک جدو جہد جاری رکھوں گا۔ آخر میں مرحوم کی بخشش مغفرت کے لئے دعائیہ کلمات ادا کئے۔دیگر مقررین میں قیصر چیمہ اور عبد الباسط خان نے بھی اظہار خیال کیا ۔
نوشاہیہ سلسلے کے پیر معروف شاہؒ کے صاحبزادے حسن شاہ نوشاہی قادری کی موجودگی میں اجتماعی دعا میں مولانا سرفراز نوشاہی قادری نے مرحوم کی مغفرت ، بخشش اور بلندی درجات کے لئے خصوصی مناجات بارگاہ الہیٰ میں پیش کیں ۔
پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی خدمت میں لنگر پیش کیا گیا ۔
![]()





















