سالانہ پیغامِ شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس، اسلامک سنٹر برہامی میں روحانی ماحول میں انعقاد
ایتھنز یونان (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ چوہدری انصر اقبال بسراء)منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیراہتمام ذیلی اسلامک سنٹر برہامی میں سالانہ “پیغامِ شہادتِ امام حسین علیہ السلام کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونان بھر سے عاشقانِ اہل بیتؑ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، علماء، صحافی، سماجی و سیاسی نمائندے اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔
کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد منہاج نعت کونسل نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعت اور اہل بیتؑ کی شان میں منقبت پیش کر کے روح پرور سماں باندھ دیا۔
خصوصی خطاب ممتاز عالم دین علامہ حافظ محمد نواز ہزاروی نے فرمایا۔ انہوں نے امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ انسانیت کے ضمیر کو جھنجھوڑنے والا واقعہ ہے۔ امام عالی مقامؑ نے دین کی بقا، عدل و انصاف اور حق کے لیے جان نچھاور کی، اور ہمیں بھی اسی راستے پر چلنے کا درس دیا۔
کانفرنس میں حاضرین کو پیغام دیا گیا کہ امام حسینؑ کا مشن صرف رونا یا ماتم کرنا نہیں بلکہ اُن کے کردار کو اپنانا، باطل کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوم کا ساتھ دینا ہے۔
آخر میں شہدائے کربلا کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے خیر کی گئی اور حاضرین کے لیے لنگرِ حسینی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
یہ کانفرنس منہاج القرآن کے زیرانتظام ہر سال کی طرح اس سال بھی نہایت منظم اور روحانی انداز میں منعقد کی گئی، جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کی شرکت نے خوش آئند رجحان ظاہر کیا۔