سفارتخانہ پاکستان ایتھنز میں جشنِ آزادی کی خوبصورت اور پروقار تقریب، پرچم کشائی، قومی ترانے اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی
ایتھنزیونان(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔رپورٹ۔۔۔ چوہدری انصر اقبال بسراء)سفارتخانہ پاکستان ایتھنز میں 77ویں یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک باوقار اور جذبات سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد سفیرِ پاکستان جناب عامر آفتاب قریشی نے صدرِ پاکستان اور وزیرِاعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے۔
پرچم کشائی کی پرجوش تقریب میں جیسے ہی سبز ہلالی پرچم بلند ہوا، فضا میں “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونج اٹھے اور شرکاء نے قومی جذبے سے سرشار ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔
تقریب میں یونان بھر سے سیاسی، سماجی، مذہبی اور صحافتی شخصیات نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ یونانی سرکاری حکام اور دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے بھی تقریب کو رونق بخشی، جو پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات میں گہرے احترام کا مظہر ہے۔
آخر میں شرکاء کے لیے بہترین ریفریشمنٹ کا انتظام کیا گیا، جس سے تقریب ایک خوبصورت اختتام کو پہنچی۔
سفیر پاکستان نے اس موقع پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “یومِ آزادی نہ صرف ہماری آزادی کا دن ہے بلکہ اپنے عہد کی تجدید کا موقع بھی ہے کہ ہم مل کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے کام کریں۔”