ہالینڈ، سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ
پرسیمینار منعقد ہوا ۔ مختلف مکاتب فکر کی نمایاں شخصیات کی شرکت
حریت کا جذبہ انسان کے ذہن میں ہوتا ہے۔ سفیر سید حیدر شاہ ۔
ہالینڈ(ڈیلی روشتی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ خصوصی ر پورٹ ۔۔۔جاوید عظیمی ) مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہنوں بھائیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف 27 اکتوبر کو ہر سال پاکستان بھر میں پوری پاکستانی قوم اور بیرون ممالک میں آباد سمندر پار پاکستانی اور کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے بھر پور احتجاج کرتے ہیں ۔ گزشتہ دنوں بروز سوموار 27 اکتوبر 2025 دن ایک بجے سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ کے زیر اہتمام یوم سیاہ پر خصوصی سمینار منعقد کیا گیا ۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن جمال ناصر نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی ۔ سمینار کے دوران فرسٹ سیکرٹری محمد جنید نے صدر مملکت آصف زرداری ، وزیر اعظم میاں محمد شریف جبکہ ندیم ملک نے ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے یوم سیاہ پر قوم کے نام دیئے گئے پیغامات کو پڑھ
کر سنایا ۔ متذکرہ سمینار کے دوران نظامت کرتے ہوئے جمال ناصر نے تمام شرکاء کا ان کی آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سینئر صحافی راجہ فاروق حیدر نے یوم سیاہ پر اور نہتے کشمیر یوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر روشنی ڈالی ۔ کشمیر پیس کونسل نیدرلینڈز کے صدر راجہ زیب خان نے بھارتی قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہریوں کے حق خود ارادیت کاپُر زور مطالبہ کیا ۔
شہزادی شمسی نے کشمیر کی آزادی اور اسلام میں خواتین کے کردار کو تاریخ کے آئینے میں
بیان کرتے ہوئے خواتین کی جدوجہد کو خوبصورت انداز میں خراج تحسین پیش کرنے کے لئے مختلف شعراء کے اشعار کا سہارا بھی لیا ۔ سفیر پاکستان سید حیدرشاہ نے اپنے مخصوص انداز میں یوم سیاہ کے سلسلے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 78 سال قبل یہ واقعہ رونما ہوا ۔ اقوام متحدہ نے 1945 میں کہا کہ اب کوئی مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہوگا ، یعنی دو فریقین کے مابین فیصلہ مذاکرات سے ہوگا ۔ محترم سفیر نےگفتگو کے دوران ایک موقعہ پر کہاکہ کسی انسان کی نقل و حرکت پر پابندی لگانے سے حق خود ارادیت ختم ہو جاتا ہے ۔ محترم سفیر نے مزید کہا کہ بھارت نے 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی کردی ۔ اپنے خطاب کے دوران سفیر پاکستان نے کہا حریت کا جذبہ انسان کے ذہن میں ہوتا ہے بعدازاں انھوں نے کشمیری بزرگ رہنما سید علی گیلانی سے ہونے والی گفتگو کا احوال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ بزرگ مشکلات اور مصائب کے باوجود کہتے رہے ہم مشکلات میں ہیں ۔مگر آپ سب اپنا خیال رکھیں اور پاکستان کے لئے دعائیہ کلمات بھی ادا کرتے رہے ۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پاکستان اور پاکستانیوں سے کس قدر پیار کرتے تھے۔یاد رہے اس سمینار کی رپورٹنگ کرنے کے لئے روشنی نیوز کے مدیر اعلیٰ جاوید عظیمی اور میاں عمران نے محنت شاقہ سے امور سر انجام دیئے۔
![]()













