سپریم کورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم تک ملتوی کر دی۔
سپریم کورٹ میں توشہ خانہ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔
کیس کی سماعت شروع ہوئی تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ابھی چل رہی ہے، اسلام آبادہائیکورٹ کےچیف جسٹس کیس سن رہے ہیں جو قابل تعریف ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی کوششوں کو سراہتا ہوں، اسلام آباد ہائیکورٹ معاملے کو دیکھ رہی ہے، بہتر ہو گا پہلے ہائیکورٹ کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے دیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کیا اٹارنی جنرل آفس سے کوئی آیا؟ آج کے حکم نامے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں رہنے کی صورتحال کا پوچھیں گے، اٹارنی جنرل سے پوچھیں گے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں کس حال میں رکھا ہے۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔
سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر آنے تک ملتوی کر دی۔