Daily Roshni News

سینیٹ: حکومتی اراکین کو ایوارڈ دینے اور اشتہار پر قائداعظم کی تصویر نہ ہونے پر اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آباد:  اپوزیشن نے حکومتی اراکین کو  ایوارڈ دینے اور   یوم آزادی کے اشتہار میں قائداعظم کی تصویر نہ ہونے  پر  سینیٹ اجلاس میں احتجاج کیا۔ 

سینیٹ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ممبران سینیٹ کو 14 اگست اور 26 مارچ کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار، محسن نقوی، مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، فیصل سبزاوری، شیری رحمان، سینیٹربشریٰ انجم اور احد چیمہ کو سول ایوارڈ دینےکا اعلان کیا گیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عرفان صدیقی اور سرمد علی کو بھی سول ایوارڈ دینے کا اعلان ہوا ہے جو 23 مارچ کو دیا جائےگا۔

چیئرمین سینیٹ کی بات پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے سوال کیا کہ بتایا جائے کس بنیاد پر یہ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے؟

پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ عمران خان نے اقوام متحدہ میں ناموس رسالت کی آواز اٹھائی، اقوام متحدہ اب اسلامو فوبیا کے خلاف دن مناتا ہے، اس کے لیے عمران خان  نےجدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے اشتہارمیں پورے ٹبرکی تصویرتھی اور قائداعظم کی نہیں تھی جس کی مذمت کرتے ہیں، حکومت کا اقدام شرمناک ہے، ہمیں وضاحت چاہیے کہ کیوں اشتہار سے قائد اعظم کو نکالا گیا۔

سینیٹر فیصل جاوید نے چیئرمین سینیٹ سے کہا کہ آپ اس کی وضاحت مانگیں،اشتہار ٹیکس پیئر کے پیسے سے بنا ہے۔

Loading