Daily Roshni News

شادی سے قبل مشورہ

شادی سے قبل مشورہ

ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل )بنی اسرائیل میں سے ایک شخص نے قسم اٹھائی تھی کہ شادی کرنے سے پہلے سو آدمیوں سے مشورہ کروں گا۔ چنانچہ اس نے ننانوے آدمیوں سے مشورہ کیا، ایک باقی رہ گیا۔ اس نے عزم کیا کہ کل صبح جو سب سے پہلے آدمی ملے گا، اس سے مشورہ کروں گا۔

صبح ہوتے ہی گھر سے نکلا تو سب سے پہلے جو شخص ملا وہ مجنون اور پاگل تھا، بچوں والے لکڑی کے گھوڑے پر سوار تھا اور اسے گلیوں میں ادھر اُدھر دوڑا رہا تھا۔ وہ آدمی بڑا پریشان اور غمگین ہوا کہ پاگل سے کیا مشورہ کروں؟ مگر اس نے پختہ عہد کیا ہوا تھا کہ سب سے پہلے ملنے والے ہی سے مشورہ کروں گا۔ چنانچہ وہ اس مجنون کے قریب ہونے کی کوشش کرنے لگا تو اس مجنون نے کہا: میرے گھوڑے کے آگے سے ہٹ جائیں، کہیں گھوڑا تمہیں لات نہ مار دے۔

اس آدمی نے کہا کہ میں نے تم سے ایک مشورہ کرنا ہے، ذرا اپنا گھوڑا روک دیں۔ تو اس نے روک دیا۔ پھر اس نے اپنی قسم کا سارا قصہ سنایا اور اپنا عزم بھی بیان کیا اور پوچھا کہ آپ کا اس بارے میں کیا مشورہ ہے؟

مجنون نے کہا: عورتیں تین قسم کی ہیں۔ ایک وہ جو ساری تیرے لیے ہے، دوسری وہ جو ساری کی ساری تیرے لیے مضر ہے، تیسری وہ جو مضر و نافع دونوں ہو سکتی ہے۔ پھر مجنون نے کہا: گھوڑے سے بچئے، کہیں تمہیں لات نہ مار دے، اور چلا گیا۔

اس شخص کو حیرت ہوئی کہ یہ کیا معاملہ ہے؟ اس نے اس کی تفصیل یہاں نہیں کی۔ چنانچہ پھر اس کے پیچھے بھاگا اور کہا: ٹھہریں، مجھے اپنی بات کا مطلب تو سمجھا کر جائیں۔

اس نے کہا: جو عورت ساری تیرے لیے ہے وہ کنواری عورت ہے، اس کا دل اور محبت تیرے لیے ہے کیونکہ تیرے علاوہ کسی اور کو نہیں جانتی۔ جو عورت تیرے لیے مضر ہے وہ شادی شدہ، صاحبِ اولاد ہے۔ وہ مال تیرا کھائے گی اور روئے گی اپنے پہلے خاوند پر۔ اور جو عورت تیرے لیے نافع اور ضرر دونوں کا احتمال رکھتی ہے وہ بے اولاد شادی شدہ عورت ہے۔ پس تو اگر اس کے پہلے خاوند سے بہتر ثابت ہوا تو وہ تیرے لیے نافع ہے، ورنہ وہ تیرے لیے مضر ہے۔

پھر وہ چلا گیا تو اس آدمی نے کہا: آپ کا کلام تو داناؤں جیسا ہے اور عمل مجنون جیسا ہے۔ تو مجنون نے جواب دیا کہ بنی اسرائیل نے مجھے قاضی بنانا چاہا، میں نے انکار کیا مگر انہوں نے اصرار کیا، تو میں نے اس معاملے سے جان چھڑانے کے لیے اپنے آپ کو مجنون بنایا۔

(بستان العارفین از فقیہ ابواللیث)

فالوؤ اور شیئر کیجئے 🧐

Loading