ہالینڈ ، شہدائے کربلا اور حضرت نوشہ گنج رحمتہ اللہ علیہ کے عرس کی
تقریب، زیر صدارت احسن شاہ قادری نوشاہی
کمیونٹی سینٹر دی ہیگ میں منعقد کی گئی ، حافظ عبد القادر نوشاہی
اور قاری عیسیٰ نوشاہی نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔۔
ہالینڈ(ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔ رپورٹ۔۔۔ جاوید عظیمی – عکاسی۔۔۔ چو ہدری بنارس ) گزشتہ دنوں بروز سوموار 12جولائی 2025پاکستان اسلامک اینڈ کلچر سینٹر دی ہیگ کی جامع مسجد میں شہدائے کربلا کی یاد میں پُر وقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں حضرت نوشہ گنج رحمتہ اللہ علیہ اور پیر سید معروف شاہ کے یوم وصال کی تقریب بھی شامل تھی ۔سجادہ نشین سلسلہ قادریہ نوشاہیہ صاحبزادہ حضرت علامہ پیر سید محمد احسن شاہ شرافت نوشاہی کی زیر صدارت ہونے والی تقریب میں معروف نعت خواں حافظ عبد القادر نوشاہی اور نوجوان نعت خواں قاری محمد عیسی خان نوشاہی آف برطانیہ نے اپنے اپنے مخصوص انداز اور دلنشین آوازوں میں بارگاہ رسالت مآب ﷺمیں نعتوں کے گلدستے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں علامہ احسن شاہ نے لفظ پیر کی تشریح کرتے ہوئے کہا پیر فارسی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب بزرگ ہے عربی زبان میں اس کو الشیخ لکھا اورپڑھا جاتا ہے اردو میں اسکا مطلب بھی بزرگ ہے۔ قاری بلال نوشاہی نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بخوبی سر انجام دیئے۔درود و سلام کے بعد اجتماعی دعا میں عالم اسلام کی سربلندی اور حاضرین محفل کے لئے دعائیہ کلمات ادا کئے گئے۔پروگرام کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی ۔ متذکرہ تقریب میں ہالینڈ کے مختلف شہروں سے عقید تمندوں اور مختلف مکاتب فکر سے وابستہ نمایاں شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
یاد رہے ڈیلی روشنی نیوز انٹر نیشنل کی ٹیم جاوید عظیمی مدیر اعلٰی ،میاں عاصم محمود مینجنگ ڈائریکٹر عکس چوہدری بنارس نے تقریب کی بھر پور کوریج کرنے میں محنت شاقہ سےامورسرانجام دیئے۔