Daily Roshni News

شہدائے کربلا کی یاد میں پُر وقار خصوصی تقریب فرینڈز روشنی فورم کے زیر انتظام و انصرام منعقد ہوئی۔

شہدائے کربلا کی یاد میں پُر وقار خصوصی تقریب

فرینڈز روشنی فورم کے زیر انتظام و انصرام

 منعقد ہوئی، مقررین نے خراج عقیدت پیش کیا۔۔۔

ہالینڈ (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔ نمائندہ خصوصی ) اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ محرم الحرام جس میں میدان کربلا میں تاریخ کا بہت بڑا سانحہ وقوع پذیر ہوا ۔ اس واقعہ میں نواسہ رسولﷺ حضرت امام حسینؓ کو   آپ کے72 جانثاروں سمیت شہید کر دیا گیا ۔ شہدائے کر بلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سال باقاعدگی سے مساجد، اسلامی مراکز اور امام بارگاہوں میں دس روزہ محافل، مجالس کا انتظام و انصرام کیاجاتا ہے۔

گزشتہ دنوں بروز ہفتہ 12 جولائی 2025 کو فرینڈز روشنی فورم کے ممبر میاں آفتاب احمد کی جانب سے محرم الحرام کی مناسبت سے پاکستان اسلامک اینڈ کلچر سینٹر دی ہیگ میں خصوصی تقریب شہدائے کربلا کی یادمیں  اہتمام کیا گیا ۔ مذکورہ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن سے جاوید بٹ پیارا نے کیا جبکہ جاوید عظیمی نے نعت رسول مقبول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں  پاکستانی کمیونٹی  ہالینڈ کی معروف شخصیت اورسنیئر صحافی راجہ فاروق حیدر نے تقریب کی مناسبت سے واقعہ کربلا میں رونما ہونے والے  واقعات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور آپ کے رفقاء کی شہادتوں کا درجہ بدرجہ تذکرہ  کیا اورشاندار الفاظ میں خراج عقیدت بھی پیش کیا۔معروف سماجی رہنما اور فرینڈز روشنی فورم کے مینیجنگ ڈائر یکٹرمیاں عاصم محمود کی دعوت پر روٹرڈیم سے تشریف لائے ہوئے مہمان مقرر زبیر احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ۔ رسول محتشم ﷺکے فرمان عالی شان کے مطابق اہل بیت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، اس لئے ہمیں ہر صورت

ان کی تعظیم وتکریم کرنے کے ساتھ ساتھ محبت بھی کرنی ہوگی۔  پاکستانی کمیونٹی کی جانی پہچانی شخصیت میاں عمران نے کہا حضرت امام حسین ؓ آپ کے اہل بیت اور جانثار ساتھیوں نے اسلام کی بقا کے لئے شہادتیں پیش کیں وہ رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ۔ سنیئرصحافی  اور تجزیہ کار محمد جاوید عظیمی نے تقریب کی مناسبت سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا 61 ہجری میں رونما ہوا۔یزید کے بعد مختار ثقفی نامی شخص نے اقتدار سنبھالا اللہ تعالیٰ کے حضور اس نے دعا کی اے رب کائنات مجھے اتنی عمر عطا کرنا کہ میں حضرت امام حسین ؓ اہل بیت اور آپ کے رفقاء کی شہادتوں کا بدلہ لے سکوں ، مجھے اتنی ہمت عطا کرنا کہ میں اس زمین کو یزیدیوں کے ناپاک جسموں سے پاک کر دوں ۔ آخر کار 67 ہجری میں  خونریز جنگ کے بعد افواج کو فتح نصیب ہوئی ابن زیاد اور دیگر  یزیدیوں کے سر امیر مختار ثقفی کے دربار میں پیش کر دیئے گئے ۔قدرت کا نظام دیکھیں آج جب ان کے سر کاٹ کر دربار میں پیش کئے گئے تو یہ وہی محرم الحرام کی دس تاریخ اور یوم عاشور تھا ۔ جاوید عظیمی نے  مزید کہا کہ حضرت امام حسین ؓکے  اس پیغام پر ہمیں عمل پیرا ہونا ہو گا بقول شاعر

جب بھی سودا ہو کسی کے ضمیر کا

ڈٹ جاؤ بس حسین کے انکار کی طرح

ختم شریف پڑھ کر کر اجتماعی دعا میں شہدائے کربلا کے درجات میں مزید بلندی کے لئے اور حاضرین محفل بلخصوص بانی محفل میاں آفتاب کی صحت و تندرستی زندگی اور خیر و برکت کے لئے بارگاہ الہی میں خصوصی مناجات پیش کی گئیں ۔ بعد ازاں حاضرین کی تواضع لنگر حسینی سے کی گئی۔

Loading