Daily Roshni News

صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل اور ہزارہ یونیورسٹی کے اشتراک سے دنیا بھر کے پاکستانی صحافیوں کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد۔۔۔

*صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم پاک میڈیا جرنلسٹس فورم انٹرنیشنل اور ہزارہ یونیورسٹی کے اشتراک سے دنیا بھر کے پاکستانی صحافیوں کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد۔۔۔*

استنبول، ترکیے ( ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل۔۔۔نمائندہ خصوصی ۔۔۔سید رضوان حیدر بخاری)پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل اور ہزارہ یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز کے باہمی اشتراک سے دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی صحافیوں کے لیے (one day technical training on TV Journalism) کے عنوان سے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ٹریننگ سیشن میں یورپ، مشرقِ وسطیٰ، امریکہ، کینیڈا اور دنیا کے دیگر ممالک سے وابستہ پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

تربیتی سیشن کی صدارت پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر اور صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے مشترکہ طور پر کی۔ اس ایک روزہ تربیتی پروگرام کا مقصد اوورسیز پاکستانی صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید صحافتی تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت اور عالمی سطح پر معیاری رپورٹنگ کو فروغ دینا تھا۔ پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین چوہدری نورالحسن گجر اور صدر ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ پاک میڈیا جرنلسٹ فورم انٹرنیشنل کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں بکھرے ہوئے پاکستانی صحافیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر متحد کرنا، ان کی پیشہ ورانہ تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس

چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ملک کی ایک بڑی اور معتبر جامعہ ہے اور اسکے شعبہ صحافت کے فارغ التحصیل طلبہ ملکی و قومی میڈیا چینلز میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کا واضح ثبوت ہے۔

 ہزارہ یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر ماجد الغفار نے ٹی وی جرنلزم کے فنی اور عملی پہلوؤں پر جامع لیکچر دیا۔جس میں سینماٹوگرافی، کیمرہ شاٹس اور فریمنگ، ٹی وی اسکرپٹ رائٹنگ، مؤثر رپورٹنگ تکنیک، نیوز پیکیجنگ اور میڈیا اخلاقیات جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔ ڈاکٹر ماجد الغفار نے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔

 اس موقع پر یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ٹریننگ محمد سجاد نے بھی اوورسیز پاکستانی صحافیوں کو جدید تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے پر زور دیا۔ آخر میں مقررین نے اس تربیتی پروگرام کو اوورسیز پاکستانی صحافتی برادری کے درمیان باہمی رابطوں کے فروغ اور مثبت قومی بیانیے کی تشکیل کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔

Loading