Daily Roshni News

صدر ایردوان اور امریکی صدر ٹرمپ کی دی ہیگ میں ملاقات

صدر ایردوان اور امریکی صدر ٹرمپ کی دی ہیگ میں ملاقات

استنبول، ترکیے (ڈیلی روشنی نیوز انٹرنیشنل ۔۔۔نامہ نگار خصوصی۔۔۔ سید رضوان حیدر بخاری)صدر رجب طیب ایردوان نے نیٹو رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت و حکومت کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات نیدرلینڈز کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ان کی اہلیہ کی جانب سے اجلاس میں شریک رہنماؤں اور ان کے ہمراہ شریک افراد کے اعزاز میں دی گئی عشائیے کے بعد ہوئی۔ ملاقات شاہی محل میں بند کمرے میں منعقد ہوئی۔

ترکیے کے صدارتی محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ملاقات میں ترکیے اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایردوان نے اس موقع پر کہا کہ ترکیے اور امریکہ کے درمیان توانائی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں بڑی صلاحیت موجود ہے، اور خاص طور پر دفاعی صنعت میں تعاون کو آگے بڑھانے سے دوطرفہ تجارتی حجم کو 100 ارب ڈالر کے ہدف تک لے جانا ممکن ہو سکے گا۔

صدر ایردوان نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیا، جسے امریکی صدر ٹرمپ کی کوششوں سے ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ جنگ بندی مستقل ثابت ہوگی، اور غزہ میں جاری انسانی المیے کے خاتمے اور روس-یوکرین جنگ کا پُرامن حل تلاش کرنے کے لیے قریبی مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے بطور نیٹو کے اہم اتحادی، اتحاد کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

Loading