-
جنگ میں کسی کی شمولیت سے مکمل جنگ اور خطے کیلئے سنگین نتائج ہونگے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ویب ڈیسک
عرب میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران خطے میں بہت ذمہ دارملک ہے، جنگ میں کسی کی شمولیت سے مکمل جنگ اور خطے کےلئے سنگین نتائج ہونگے۔
ترجمان نے کہا کہ تمام ممالک کی جانب سےاسرائیلی حملےکی مذمت کوسراہتےہیں، ایران اسرائیل کےحملوں سےاپنا دفاع کررہاہے۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 12:47 PM
اسرائیل پر تازہ حملوں میں فتح-1 ہائپرسونک میزائلوں کا استعمال کیا، ایرانی پاسداران انقلاب
ویب ڈیسک
ایرانی فتح میزائل/ فائل فوٹو ایرانی پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیل کےخلاف ایرانی حملوں کی 11 ویں لہرصہیونی شرپسندوں کی خود ساختہ اقتدار کی تباہی کا نقطۂ آغاز ہے۔
پاسدران انقلاب کے مطابق اسرائیل کےخلاف تازہ حملوں میں فتح-1 ہائپرسونک میزائلوں کا استعمال کیا گیا اور یہ طاقتور جدید میزائل فتح نے صہیونی بزدلوں کی پناہ گاہوں کو لرزا کر رکھ دیا۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسرائیلی فضاؤں پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے، صیہونی دفاعی نظام ایران کے میزائل حملوں کے آگے بے بس نظر آ رہا ہے۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 12:09 PM
اماراتی صدر شیخ محمد بن زایدکا ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ
ویب ڈیسک
ابوظبی: اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
شیخ محمد بن زاید نے اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران کو نشانہ بنانے پر ایران کےساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق اماراتی قیادت نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے اقدامات جاری رکھنےکاعزم ظاہر کیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے امن و استحکام کے ہراقدام کی حمایت کرنے کا اعادہ بھی کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور علاقائی امن و سلامتی پر سنگین اثرات زیرغور ہیں۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 11:11 AM
امریکا اور اسرائیل کی جانب سے قتل کی دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر کا سخت بیان جاری
ویب ڈیسک
فائل فوٹو۔ تہران: امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی قیادت کی جانب سے قتل کی پےدرپے دھمکیوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے سخت بیان جاری کردیا۔
سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایران دہشتگرد صیہونی ریاست کے خلاف بھرپور طاقت سے کارروائی کرے گا اور صیہونیوں سے بے رحمی برتی جائے گی۔
واضح رہے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر کو دھمکاتے ہوئے پیغام دیا تھا کہ انہیں علم ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کہاں ہیں، وہ آسان ہدف ہیں لیکن ہم ابھی انہیں قتل نہیں کررہے۔
اس سے قبل یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا جسے امریکی صدر نے ویٹو کردیا۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 10:57 AM
ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے قومی سلامتی کی مشیر کا کلیئرنس نوٹ مسترد کردیا
ویب ڈیسک
فائل فوٹو اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے قومی سلامتی کی مشیر تلسی گبارڈ کا کلیئرنس نوٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی پرواہ نہیں کہ تلسی گبارڈ نے کیا کہا تھا، ان کے خیال میں ایران جوہری ہتھیار بنانے کے بہت قریب تھا۔
واضح رہے امریکا کی قومی سلامتی کی ڈائریکٹر تُلسی گبارڈ نے مارچ 2025 میں کہا تھا کہ اُن کی انٹیلی جنس کے مطابق ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا بلکہ آیت اللہ خامنہ ای نے ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کی اجازت ہی نہیں دی۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 10:33 AM
اگر ایران مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو امریکا اسکا کا جوہری پروگرام تباہ کرسکتا ہے: جرمن چانسلر
ویب ڈیسک
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشیدگی میں جلد کمی نہ ہوئی اور ایران مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو امریکا ایران کا جوہری پروگرام تباہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے پاس ایرانی جوہری پروگرام تباہ کرنے کی صلاحیت ہے اور نہ مطلوبہ ہتھیار لیکن امریکا کے پاس یہ صلاحیت اور ہتھیار ہیں۔
جرمن چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی حکومت کمزور پڑ چکی ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام پر اسرائیل کے تازہ ترین حملوں نے نطنز، فردو اور اصفہان میں جوہری تنصیبات سمیت کئی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان حملوں سے اگرچہ کچھ وقتی نقصان ضرور ہوا ہے مگر اسرائیل ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر مفلوج نہیں کرسکا۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 10:26 AM
اسرائیل میں امریکی سفارتخانہ بند، امریکیوں کو کسی صورت ایران،عراق اور اسرائیل نہ جانے کی ہدایت
ویب ڈیسک
امریکی سفارتخانے کی جانب سے آج سے جمعہ تک مقبوضہ بیت المقدس میں اپنا سفارتخانہ بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسرائیل میں موجود تمام امریکی سرکاری اہلکار اور ان کے اہلخانہ اگلے نوٹس تک شیلٹرز میں رہیں۔
اس کے علاوہ امریکی شہریوں کے لیے ٹریول ایڈوئزری بھی جاری کردی گئی ہے۔
امریکی شہریوں کو کسی بھی صورت ایران، عراق اور اسرائیل کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں امریکی شہریوں کی مدد کے لیےمڈل ایسٹ ٹاسک فورس بنادی ہے۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 06:15 AM
ایران میں اسرائیل سے منسلک ‘دہشتگرد گروہ’ گرفتار
ویب ڈیسک
ایران میں اسرائیل سے منسلک ‘دہشتگرد گروہ’ گرفتار کرلیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق منگل کو ایرانی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت تہران کے جنوب مغرب میں واقع ایک قصبے میں اسرائیل سے منسلک ایک دہشت گرد گروہ کو گرفتار کیا۔
دہشت گرد گروہ کے قبضے سے دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 05:09 AM
اسرائیل کے تہران پر پہ درپہ حملے، اپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی
ویب ڈیسک
فوٹو: اسکرین گریب اسرائیل نے ایران کے دارالحکومت تہران پر پہ در پہ حملے کیے ہیں جس کے بعد ایک اپارٹمنٹ سے آگ کے شعلے اٹھتے میلوں سے دکھائی دیے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تہران اور کرج شہر میں دھماکے سنے گئے ہیں۔
اسرائیلی حکام نے تہران کے ڈسٹرکٹ 18 کے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کردیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تہران کے قریب آئل ریفائنریز پر نئے اسرائیلی حملے کی بھی اطلاع ہے۔
ایرانی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے تہران کے قریب میزائل بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا،اکتوبر میں بھی اسرائیل نے اسی مقام کونشانہ بنایا تھا۔
-
Wednesday Jun 18 2025 | 03:35 AM
امریکی صدر اور اسرائیلی وزیراعظم کا ٹیلی فونک رابطہ
ویب ڈیسک
فوٹو: فائل امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ بات چیت وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی مشیروں کے اہم اجلاس سے پہلے کی گئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو کیا یقین دہانی کرائی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل چاہتا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا اس کا ساتھ دے یا اس کے لیے ایران سے جنگ لڑے۔